ممبئی: دبنگ خان فلم ’’ ٹائیگر زندہ ہے‘‘ کے بعد اپنی نئی فلم ’’ریس تھری‘‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو رواں سال عید پر ریلیز کی جائی گی۔
تفصیلات کے مطابق بالی وڈ سپراسٹار سلمان خان اپنی اگلی فلم ’’ریس تھری‘‘ پر تیزی سے کام کر رہے ہیں، جس کا پہلا حصہ مکمل ہوچکا ہے۔
بالی وڈ سلطان ’’ ٹائیگر زندہ ہے‘‘ میں 300 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے اور فلم نگری میں اپنی دھاک بٹھانے کے بعد اپنے مداحوں کے لیے ’’ریس تھری‘‘ پراجیکٹ پر مستقل مزاجی سے کام کرہے ہیں۔ ان کے دیگر پراجیکٹس میں فلم ’’بھارت‘‘ اور ’’ویلکم ٹو نیویارک‘‘ شامل ہیں۔ یاد رہے کہ ریس کے ابتدائی حصوں میں سیف علی خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔
فلم ’’ ریس تھری ‘‘ کے ہدایت کار رومیو ڈی سوزا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلم کی تیاری تیزی سے جاری ہے، پراجیکٹ کو عید سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا، فلم کا ایک حصہ مکمل ہوچکا، اگلے شیڈول کی شوٹنگ ابوظہبی اور تھائی لینڈ میں کی جائے گی۔
فلم کے پہلے حصے کی تیاری مکمل ہونے کی خوشی میں سلمان خان نے اپنے ساتھی اداکاروں کے ساتھ کیک کاٹا اور تصویریں بنوائیں، مذکورہ فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے والوں میں سلمان خان سمیت بوبی ڈیول، ثاقب سلیم، انیل کپور، ڈیزی شاہ، اور پوجا ہیج اداکار شامل ہیں۔
خیال رہے بوبی دیول گذشتہ برس اپنے والد دھرمندر اور بھائی سنی ڈیول کے ساتھ فلم ’’پوسٹر بوائز‘‘ میں دیکھا گیا تھا، لیکن فلم خاطر خواہ کامیابی نہیں سمیٹ سکی۔