آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی دوسرے ون ڈے میں تاریخ ساز فتح پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ایڈیلیڈ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے شکست دے کر خسارے میں جاتی ون ڈے سیریز کا پلڑا برابر کر دیا۔
اس کامیابی پر جہاں پاکستانی شائقین کرکٹ خوش ہیں، وہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی بھی اپنے کرکٹرز پر نازاں ہیں۔
محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے تہنیتی پیغام میں لکھا کہ ویلڈن گرین شرٹس ویلڈن۔ آسٹریلیا کے خلاف اس تاریخ ساز فتح پر تمام کھلاڑیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ہوم گراؤنڈ میں شکست دے کر کھلاڑیوں نے قوم کے دل جیت لیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بولرز میں حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کر کے فتح میں اہم کردار ادا کیا تو صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کر کے ٹیم کو فتحیاب کرایا۔
واضح رہے کہ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے میچ 10 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوگا۔
دوسرا ون ڈے: پاکستانی بولرز اور بیٹرز کی شاندار پرفارمنس، آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست