ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان اپنی فلم ٹیوب لائٹ کی ناکامی کے بعد سخت دلبرداشتہ ہیں، انہوں نے بالی ووڈ انڈسٹری چھوڑنے کا عندیہ بھی دے دیا۔
حالیہ انٹرویو میں جب سلمان خان سے فلم ٹیوب لائٹ کی ناکامی پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے سخت محنت کے باوجود مداحوں کو میرا کام پسند نہیں آیا‘‘۔ انہوں نے انتہائی افسردہ انداز میں بالی ووڈ انڈسٹری چھوڑنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ جس دن میری 1 یا 2 فلمیں ناکام ہوئیں اور باکس آفس پر جگہ نہ بنا سکیں بس اُسی دن سے فلم نگری چھوڑنے کا فیصلہ کرلوں گا۔
پڑھیں: سلمان خان کا بھائی کے ہمراہ رکشے میں سفر
سلمان خان نے کہا کہ فلموں کے ناکام ہونے کی اصل وجہ اداکار اور مداحوں کی سوچ کا فرق ہے، کوئی بھی فلم اُس وقت ناکامی کا شکار ہوتی ہے جب اداکار مداحوں کی خواہش کے عین مطابق کام نہیں کرتا۔
ٹیوب لائٹ کی ناکامی پر تبصرہ کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ جب میری مسلسل 2 فلمیں ناکام ہوجائیں گی تو سمجھ جاؤں گا کہ فلم نگری میں میرا وقت ختم ہوگیا اور جس دن ایسا ہوا تو خود کو اداکاری کی دنیا سے الگ کر لوں گا۔
مزید پڑھیں: سلمان خان نے ایک اور ننھے اداکار کو متعارف کروادیا
یاد رہے بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں سلمان خان کا شمار اُن مہنگے اداکاروں میں ہوتا ہے جو فلموں میں کام کرنے کے عوض کروڑوں روپے وصول کرتے ہیں، بالی ووڈ انڈسٹری میں ایک عام تاثر یہ بھی پایا جاتا ہے کہ جو بھی شخص سلمان خان کی فلم میں کوئی بھی کردار ادا کرتا ہے وہ بہت جلد شہرت کی بلندیوں پر پہنچ جاتا ہے۔
اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔