ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

غزہ کے سب سے بڑے اسپتال میں لاشیں سڑ رہی ہیں، دفنانے کی اجازت نہیں، عالمی ادارہ صحت نے خبردار کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک : عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال کے اندراور باہر بڑی تعداد میں لاشیں موجود ہیں، ڈاکٹروں نے بتایا لاشیں سڑ رہی ہیں، قابض فوجی لاشیں دفنانے کی اجازت نہیں دے رہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کا سب سے بڑا الشفا اسپتال قبرستان میں تبدیل ہو رہا ہے، اسپتال کے اندراور باہر بڑی تعداد میں لاشیں موجود ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے بتایا لاشیں سڑ رہی ہیں اور قابض فوجی لاشیں دفنانے کی اجازت نہیں دے رہے جبکہ آکسیجن کی کمی کے باعث مزید سات نومولود دم توڑچکے ہیں۔

- Advertisement -

دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے الشفا اور القدس اسپتال میں تمام آپریشنز بند ہوگئے ہیں، جنگ بندی نہ ہوئی تو اڑتالیس گھنٹے میں غزہ کے تمام اسپتال بند ہوجائیں گے۔

الشفا اسپتال میں آئی سی یو کے تمام مریض دم توڑگئے اور انکیوبیٹرمیں موجود بچے ایک ایک کرکے دم توڑنے لگے ہیں، انتقال کر جانے والوں میں چھ بچے اور چھبیس مریض شامل ہیں۔

ہر گھنٹے نومولود بچےاورمریض انتقال کررہے ہیں، جس کے باعث اسپتالوں میں میتوں کےڈھیر لگے ہیں، جن کو دفنانے والاکوئی نہیں۔

غزہ میں صہیونی فوج کی دہشت گردی انتالیسویں دن بھی جاری ہے، رات بھر بمباری سے گونجتا رہا، جبالیہ کیمپ میں حملے میں مزید تیس فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ خان یونس میں اسرائیلی طیاروں نےبارہ گھروں کونشانہ بنایا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں