ممبئی: بالی ووڈ کی نئی آنے والی خوفزدہ کردینے والی فلم ‘پری‘ میں انوشکا شرما کے ساتھ ایک اور نامور اداکارہ نے کردار ادا کیا جنہیں پہنچاننا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن بات ہے۔
تفصیلات کے مطابق انوشکا شرما کے اپنے پروڈکشن ہاؤس میں بنائی جانے والی پہلی خوفناک فلم ’پری‘ نے ریلیز ہونے کے بعد اب تک باکس آفس پر 25 کروڑ کا کاروبار کرلیا، فلم رواں برس سب سے زیادہ کمانے والی فلموں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے۔
پری نے بالی ووڈ میں ایک نئی طرز متعارف کرائی جس کی وجہ سے اُسے بے حد پسند کیا گیا، انوشکا شرما نے اس فلم میں اب تک کے کیریئر کا منفرد کردار ادا کیا تاہم اُن کے ساتھ فلم میں مزید نامور اداکار بھی شامل ہیں۔
پری سینیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تو ناظرین انوشکا کے پراسرار کردار ادا کرنے والی (کلپوری کردار) کو پہچان نہ سکے تاہم اب یہ چہ مگوئیاں ختم ہوگئیں کیونکہ جس اداکارہ نے یہ کردار ادا کیا اُس نے خود ہی خاموشی توڑ دی۔
بھارتی میڈیا کو دیے جانے والے انٹرویو میں مانسی ملتانی نے بتایا کہ وہ سیاہ چہرے والی خاتون کوئی اور نہیں بلکہ میں ہی ہوں، جب مجھے اس کردار کی پیش کش کی گئی تو میں نے خوشی خوشی اسے قبول کیا کیونکہ یہ اپنے آپ کو منوانے کا اہم موقع تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب فلم کا پوسٹر سامنے آیا تو میری والدہ بھی نہیں پہنچان سکیں تاہم میں نے انہیں بتایا کہ انوشکا کے پیچھے میں ہی کھڑی ہوں، اداکارہ کا کہنا تھا کہ میک اپ آرٹسٹ اور ڈائریکٹر کی محنت کے بعد ہی میں اتنا اچھا کردار ادا کرسکی۔
اپنے کردار کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے مانسی کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک ایسی خاتون کا کردار تھا کہ جس کے بچے نہیں ہوتے اور وہ اس وجہ سے دوسروں پر کالا جادو کرواتی ہے، باقی فلم دیکھ کر کلپوری کے کردار کا اچھی طرح سے سمجھا جاسکتا ہے‘۔
واضح رہے کہ فلم پری 2 مارچ کو ریلیز ہوئی تھی تاہم سینسر بورڈ نے اسے پاکستان میں نشر کرنے پر پابندی عائد کردی تھی، ذرائع کے مطابق فلم میں کالے جادو کی ترغیت دی گئی ہے جس کی اسلام میں سختی سے ممانعت ہے اور فلم میں ایسے جملے بھی شامل ہیں جس کے باعث مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوسکتے ہیں۔
ویسے تو فلم کو پری کا نام دیا گیا تاہم ساتھ میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ یہ کہانی دراصل یہ کوئی پری کی کہانی نہیں بلکہ اس میں انوشکا کا خوفناک کردار ہے۔ خیال رہے کہ انوشکا شرما پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے اس سے قبل بھی 2 فلمیں ’این ایچ 10‘ اور ’فلوری‘ ریلیز کی جاچکی ہیں جن کی کہانیاں بالکل منفرد تھیں اور انہوں نے ناظرین کو متاثر بھی کیا تھا۔ خیال رہے کہ ویروشکا کی شوبز مصرفیات آجکل بہت زیادہ ہیں کیونکہ وہ بیک وقت تین فلموں زیرو، سوئی دھاگہ اور پری کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔