ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

بابر اعظم اور شاہین شاہ پرفارمنس کیوں نہیں دے پا رہے؟ اہم تجزیہ

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اور اسٹار بولر شاہین شاہ پرفارمنس کیوں نہیں دے پا رہے ہیں اس پر سب کو تشویش ہے باسط علی نے اس پر روشنی ڈالی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی گزشتہ کئی ماہ سے اپنی کلاس کے مطابق پرفارمنس نہیں دے پا رہے ہیں جس پر کرکٹ حلقوں اور ان کے پرستاروں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کی موجودہ کارکردگی پر سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے بھی اپنی رائے دی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے اسپورٹس شو میں باسط علی نے بابر اعظم اور شاہین شاہ کی موجودہ کارکردگی کے حوالے سے گفتگو کرتے  ہوئے کہا کہ شاہین شاہ ہمارا بہترین پرفارمر ہے لیکن بدقسمتی سے وہ ایشیا کپ سے اب تک اس طرح کارکردگی نہیں دکھا رہا جو اس نے ماضی میں پیش کی ہے۔

- Advertisement -

باسط علی نے کہا کہ شاہین شاہ کی کارکردگی اس کی بولنگ رفتار کم ہونے سے متاثر ہوئی ہے کیونکہ جب پیس کم ہو تو پھر مسئلہ ہوتا ہے۔ اب اس کے لیے یا  تو وہ آرام کرکے اپنی پیس درست کرے یا میچ کھیلتا رہے اور آف سیزن میں اس پر توجہ دے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ کرکٹ بہت تیز ہوگئی ہے۔ شاہین شاہ ابھی ٹیسٹ کھیل رہا ہے جس کے بعد اس نے وائٹ بال کرکٹ کھیلنی ہے تو اس کے بعد وہ بولنگ کوچ عمر گل کے ساتھ وقت گزارے اور جو اس کا بال سوئنگ نہیں ہو رہا ہے تو عمر گل شاہین شاہ کو ریورس سوئنگ کی بھی پریکٹس کرائے۔

بابر اعظم سے متعلق باسط علی نے کہا کہ بابر اعظم کی بیٹنگ پرفارمنس سے سب ہی پریشان اور فکرمند ہیں اور میں بھی ہوں کیونکہ وہ ہمارا ٹاپ کلاس کھلاڑی ہے اور موجودہ دور میں ہمارے پاس اس کے پائے کا کوئی کھلاڑی نہیں۔ میرا تجربہ ہے کہ بابر اعظم اگلے دونوں ٹیسٹ میچوں میں پرفارمنس دے گا اور بیٹنگ میں اچھے رنز کرے گا۔

 

باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کو ڈراپ کرنے پر ان کا کہنا تھا کہ پرتھ میں اس کی کیپنگ اچھی رہی صرف ایک اسٹمپ ہی چھوڑا باقی کیچز تو لیے۔ باقی جو کچھ کہا جا رہا ہے یہ تو نہ کھلانے کے بہانے ہیں۔

میلبرن ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ آسٹریلیا تیز وکٹیں بناتے ہیں کیونکہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ میچ کو تین چار دن میں ختم کریں تاہم بارش کی وجہ سے میچ ڈرا ہونے کا ایڈوانٹیج مل سکتا ہے جہاں تک بات ہے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کی تو کھلاڑیون کو ہار کا ڈر دل سے نکال کر بہادری کے ساتھ میدان میں جا کر پازیٹو کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں