بھارت کی ریاست اتر پردیش میں پولیس اسٹیشن کے اندر افسر کے ہاتھوں خاتون کو گولی لگنے کی فوٹیج سامنے آگئی۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق واقعہ علی گڑھ میں پیش آیا جہاں متاثرہ خاتون پاسپورٹ کی تصدیق کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن گئی تھیں۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ کالاندھی نیتھانی نے بتایا کہ متاثرہ خاتون 2 بج کر 50 منٹ پر تھانے پہنچیں۔
سی سی ٹی وی کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متاثرہ خاتون لڑکے کے ساتھ تھانے میں کھڑی ہیں۔ اس دوران ایک پولیس اہلکار آیا اور اس نے بندوق سب انسپکٹر منوج شرما کے حوالے کی۔
UP #Aligarh Caught on camera woman mistakenly shot in head by cop inside police station. The woman who went to the police station for passport verification is said to be in a critical condition. @aligarhpolice @Uppolice pic.twitter.com/Voyxhdo54c
— Sanjay Jha (@JhaSanjay07) December 8, 2023
منوج شرما نے بندوق کا معائنہ کیا اور اس دوران اتفاقیہ گولی چل گئی جو خاتون کو جا لگی۔ خاتون کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ کالاندھی نیتھانی نے بتایا کہ گولی خاتون کے سر کے پچھلے حصے میں لگی۔ انہوں نے بتایا کہ سب انسپکٹر منوج شرما کو فوری معطل کر دیا گیا۔
کالاندھی نیتھانی نے کہا کہ لاپراہی برتنے پر منوج شرما کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، پولیس افسر کے خلاد مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔