ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو بڑے مارجن سے شکست دیدی

اشتہار

حیرت انگیز

ورلڈکپ کے 32ویں میچ میں جنوبی افریقا نے فیورٹ نیوزی لینڈ کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 190 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

پونے میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے اپنی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کو باآسانی دبوچ لیا۔ کیوی بلے باز پروٹیز کے 358 کے پہاڑ جیسے ہدف تلے دب گئے اور پوری ٹیم صرف 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

زبردست بیٹنگ کے بعد جنوبی افریقی بولرز نے کمال بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بیٹنگ لائن کو ابتدا سے ہی دباؤ میں رکھا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں حاصل کرتے رہے۔

- Advertisement -

نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس نے کچھ مزاحمت کی اور ففٹی بنائی جب کہ وِل ینگ 33 اور ڈیرل مچل 24 رنز بنا سکے۔ 8 کیوی بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

کیشومہاراج نے 4، مارکوینسن نے 3، جیرالڈکوئٹزی نے 2 اور کگیسو رباڈا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پروٹیز کپتان کی وکٹ جلد حاصل کر لی تاہم اس کے بعد بیٹرز جم گئے۔

جنوبی افریقہ کے کپتان باووما جب 38 رنز کے مجموعی اسکور پر بولٹ کی وکٹ بنے تو ان کی جگہ آنے والے وینڈر ڈوسان نے اوپنر ڈی کاک کے ساتھ مل کر محتاظ انداز میں اسکور بورڈ کو متحرک رکھا۔

اس دوران ڈی کاک نے اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔ اننگ کے 21 ویں اوور میں ٹیم کی سنچری مکمل ہوئی۔ دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ کے لیے 100 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر لی ہے۔

ٹیم کی سنچری مکمل ہونے کے بعد دونوں بلے بازوں نے ہاتھ کھولے اور 30 اوورز میں ٹیم کا اسکور 155 رنز تک پہنچا دیا۔ اس دوران ڈوسن نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔

238کے مجموعے پر جنوبی افریقا کی دوسری وکٹ ڈی کوک کی صورت میں گری جو سنچری بنانے کے بعد 114 کے انفرادی اسکور پر کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد ڈیوڈ ملر کے ساتھ مل کر ڈوسن نے مجموعے کو 300 کے پار لگایا اور سنچری اسکور کی۔

وہ 133 رنز کے اسکور پر ساؤتھی کے گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ ڈیوڈ ملر 30 گیندوں پر 53 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 2 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

جنوبی افریقا نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنائے جس میں کلاسن 15 اور مارکرم 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیوی کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ آج کا میچ ہمارے لیے اہم ہے جب کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔

رواں ورلڈ کپ میں اب تک جہاں جنوبی افریقہ کی ٹیم شاندار ردھم میں ہے اور ایونٹ میں 6 میں سے 5 کامیابیاں سمیٹ کر 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے تو دوسری جانب نیوزی لینڈ بھی کسی سے کم نہیں ہے جو چار فتوحات اور 8 پوائنٹ کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔ آج پروٹیز کی خطرناک بیٹنگ اور کیویز کی تیز دھار بولنگ کا بھرپور مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں جنوبی افریقہ کو نیوزی لینڈ پر برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 71 میچوں میں مدمقابل آئی ہیں جن میں 41 پروٹیز نے جب کہ 25 بلیک کیپس نے جیت رکھے ہیں۔

تاہم عالمی کپ کے مقابلوں میں کیویز کو واضح سبقت حاصل ہے جس نے باہمی کھیلے گئے 8 میچوں میں سے 6 میں میدان مارا ہے جب کہ جنوبی افریقہ کے ہاتھ صرف 2 فتوحات آئی ہیں۔ پروٹیز نے ورلڈ کپ میں کیویز کو آخری بار 24 سال قبل 1999 کے عالمی کپ میں شکست دی تھی۔

آج کے میچ میں جنوبی افریقہ کی جیت اس کی سیمی فائنل میں رسائی کا دروازہ کھول دے گی ساتھ ہی پاکستان کے ورلڈ کپ کے فائنل فور میں جانے کے امکانات بھی برقرار رہیں گے۔

آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

جنوبی افریقہ:

ٹیمبا باووما (کپتان)، کوئنٹن ڈی کاک، رسی وینڈر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہنرک کلاسین، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، گیرالڈ کوٹزی، کیشو مہاراج، کگاسو ربادا اور لنگی نگیدی،

نیوزی لینڈ:

ٹام لیتھم (کپتان)، ڈیون کانوے، ول ینگ، رچن رویندرا، ڈیرل مچل، گلین فلپس، جیمس نشام، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں