جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

ورلڈ کپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز، نیدرلینڈز کو شکست دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

حیدرآباد: پاکستان نے ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دے دی، سعود شکیل کو 68 رنز کی شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیے گئے 287 رنز کے تعاقب میں 41 اوورز میں 205 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

باس ڈی لیڈے کی 67 رنز کی اننگز بھی نیدرلینڈز کو کامیابی نہ دلوا سکی، اوپنر وکرم جیت سنگھ نے 52 رنز بنائے۔

- Advertisement -

مارک او ڈوڈ 5 رنز بنا کر حسن علی کا نشانہ بنے، کولن ایکرمین کو 17 رنز پر افتخار احمد نے بولڈ کیا، کپتان اسکاٹ ایڈورڈز بغیر کوئی رن بنائے حارث رؤف کو وکٹ دے بیٹھے۔

ثاقب ذوالفقار 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، رولڈلف وین ڈر مروے 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، حسن علی نے دو وکٹیں حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، محمد نواز، افتخار احمد، ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل پاکستان کی ٹیم بیٹنگ کرتے ہوئے 49 اوورز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اورنیدرلینڈز کو جیت کے لیے 287 رنز کا ہدف دیا تھا۔

سعودشکیل اور محمد رضوان 68، 68 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by ICC (@icc)

اوپنر فخر زمان ایک بار ناکام ثابت ہوئے اور صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، امام الحق بھی 15 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کپتان بابر اعظم 5 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، افتخار احمد 9 رنز بناسکے، محمد نواز نے 39 رنز کی اننگز کھیلی، شاداب خان 32 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by ICC (@icc)

نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لاڈے نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد ڈچ کپتان اسکاٹ ایڈورڈ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گزشتہ کچھ سالوں سے پاکستان کے خلاف میچز کھیلے ہوئے ہیں یہ تجربہ کام میں لائیں گے اور کم اسکور پر آؤٹ کرنےکی کوشش کریں گے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by ICC (@icc)

قومی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آج کے میچ میں فخر اور امام اوپننگ کریں گے۔ آج کے میچ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے اور 290 سے زائد اسکور کرکے اچھا ہدف دینے کی کوشش ہوگی۔

آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، فخر زمان، امام الحق، سعود شکیل، محمد رضوان، افتخار احمد، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور حسن علی

نیدر لینڈ کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

اسکاٹ ایڈورڈ (کپتان)، کولن ایکرمن، بیس ڈی لیڈ، تیجا ندامانورو، آریان دت، میکس اوڈوڈ، ثاقب ذوالفقار، لوگان ون بیک، ریلوف وینڈر، پال ون، وکرم جیت سنگھ

میگا ایونٹ سے قبل ہونے والے وارم اپ میچز میں پاکستان کو اپنے دونوں وارم میچز میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے شکست ہوئی اس لیے نیدر لینڈز سے جیت ٹیم کا حوصلہ بڑھائے گی جب کہ حریف ڈچ ٹیم کے وارم اپ میچز بارش کی نذر ہونے کے باعث اسے میگا ایونٹ کی بھرپور تیاری کا موقع نہیں مل سکا۔

ڈچ ٹیم اپ سیٹ کے ارادے سے میدان میں اترے گی اور اعداد وشمار کے مطابق پاور پلے میں نیدر لینڈز کی بیٹنگ تگڑی ہے اور ابتدائی دس اوورز میں زیادہ اوسط سے رنز بنانے والی دوسری ٹیم ہے جس کے پاس بہترین اسپنرز بھی ہیں جب کہ آل راونڈر باس ڈی لیڈے ٹیم کے ٹرم کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں۔

تاہم اسپن بولنگ کو کھیلنا ہی نیدر لینڈ ٹیم کی سب سے بڑی کمزور ہے اور آج میچ میں شاداب، نواز کے ساتھ افتخار احمد کا کردار اہم ہو سکتا ہے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں پاکستان نا قابل شکست ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 6 میچز ہوئے ہیں اور تمام میں گرین شرٹس نے کامیابی حاصل کی ہے۔

دونوں ٹیمیں پہلی بار 1996 میں مد مقابل آئی تھیں۔ آخری میچ اگست 2022 میں کھیلا گیا تھا، ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کا یہ تیسرامقابلہ ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں