ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

ورلڈ کپ: انگلش بولر ٹاپلی نے بنگلہ بیٹنگ تہس نہس کر دی

اشتہار

حیرت انگیز

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں دھرم شالہ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلش بولر ٹاپلی نے بنگلہ دیش کے تین ٹاپ بلے بازوں کو گھر بھیج دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے ساتویں میچ میں دھرم شالہ کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بولرز آزمانے کا فیصلہ کیا جو مفید ثابت نہ ہو سکا۔ دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 365 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا ہے۔

انگلینڈ کی جانب ڈیوڈ میلان نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 140 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی۔ جو روٹ 82 اور جونی برسٹو 52 نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

- Advertisement -

انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز اسکور کیے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں تاہم اس کے لیے انہیں 71 رنز کی مار برداشت کرنا پڑی جب کہ تین انگلش بیٹرز کو آؤٹ کرنے والے شریف الاسلام نے بھی 75 رنز لٹائے۔ کپتان شکیب الحسن 52 اور تسکین احمد 38 رنز کے عوض ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

365 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی تین وکٹیں صرف 26 کے مجموعے پر گر گئیں تھیں۔ بنگال ٹائیگرز کی بیٹنگ کو تہس نہس کرنے والے بولر ریسے ٹوپلی تھے جنہوں نے کپتان شکیب الحسن (1)، تنزید حسن (1) اور نجم الحسین (0) پر پویلین لوٹا دیا۔

بنگلہ دیش کو 48 کے مجموعے پر چوتھا نقصان مہدی حسن میراز کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 8 رنز بنا کر ووکس کا شکار بن گئے۔

بنگلہ دیش نے 10 اوورز کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 57 رنز اسکور کیے ہیں۔ اسے میچ جیتنے کے لیے 40 اوورز میں 308 رنز درکار ہیں جب کہ اس کی صرف 6 وکٹیں باقی ہیں۔

رواں ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں اپنا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں۔ انگلینڈ کو اپنے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ بنگلہ دیش نے افغانستان کو ہرا کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

انگلینڈ:

جوز بٹلر (کپتان)، جونی بریسٹو، ڈیوڈ میلان، جو روٹ، ہیری بروکس، لیام لیونگ اسٹون، کرس ووکس، سام کورن، عادل رشید، مارک ووڈ، ریس ٹاپلی۔

بنگلہ دیش:

شکیب الحسن (کپتان)، لٹن داس، تنزید حسن، نجم الحسین شانتو، مہدی حسن میراز، مشفق الرحمان، توحید ہریدوے، مہدی حسن، تسکین احمد، شریف الاسلام، مستفیض الرحمان۔

ورلڈ کپ میں اب تک کھیلے گئے 6 میچز میں نیوزی لینڈ اپنے دونوں میچز جیت کر 4 پوائنٹ کے ساتھ سر فہرست ہے۔ جنوبی افریقہ، پاکستان، بنگلہ دیش اور بھارت اپنے ایک ایک میچز جیت کر بالترتیب دوسرے سے پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں