منگل, مئی 21, 2024
اشتہار

بھارت کی ورلڈکپ میں مسلسل چھٹی فتح، دفاعی چیمپئن انگلینڈ پھر ہزیمت سے دوچار

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے مسلسل چھٹی فتح حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق عالمی کپ میں اب تک بھارتی ٹیم کا ستارہ عروج پر ہے، میزبان سائیڈ نے 229 رنز کے کم ہدف کا دفاع بھی کامیابی سے کرتے ہوئے انگلش ٹیم کو 100 رنز سے شکست دے دی۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 35 ویں اوور میں 129 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

بھارتی پیسر محمد شامی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جسرپریت بمراہ 32 رنز دے کر 3 جبکہ کلدیپ یادیو 24 رنز دے کر 2 بیٹرز کو چلتا کرنے میں کامیاب رہے۔

- Advertisement -

دفاعی چیمپئن انگلینڈ کا کوئی بھی بیٹر بھارتی بولنگ کے سامنے مزاحمت کرنے میں ناکام رہا۔ انگلش سائیڈ کی پہلی وکٹ 30 رنز کے اسکور پر گری جس کے بعد وکٹوں کی جھڑی لگ گئی اور بیٹرز وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے۔

لیام لیونگ اسٹون نے مڈل آرڈر میں 27 رنز بنا کر کچھ بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ ڈیوڈ میلان 16 رنز بناکر پویلین لوٹے، ڈیوٹ ویلی 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارتی کپتان روہت شرما کو عمدہ بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس سے قبل انگلش بولرز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو 229 رنز تک محدود کردیا تھا، آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 29 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے ناقابل شکست ٹیم بھارت کو 230 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کپتان روہت شرما 87 رنز بنا کر نمایا رہے جبکہ مڈل آرڈربیٹر سوریا کمار یادیو 49 اور کے ایل راہول 39 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ ویرات کوہلی کو صفر کی خفت سے دوچار ہونا پڑا۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈیوٹ ویلی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 45 رنز دے کر 3 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ کرس ووئیکس اور عادل رشید بھی کفایت بولنگ کرتے ہوئے دو، دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل لکھنو کے اٹل بہاری باجپائی اسٹیڈیم میں میگا ایونٹ کے 29 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے میزبان انڈیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ٹورنامنٹ میں اچھا نہیں کھیل سکے ہیں تاہم آج ٹاپ ٹیم کے خلاف اچھا پرفارم کرنا اور اپنا بہترین کھیل دکھانا چاہتے ہیں۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں ٹاس سے اتنا فرق نہیں پڑتا اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں یہ بھارت کی مسلسل چھٹی فتح ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم مسلسل چوتھا میچ ہاری ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر بھارت چھ میچ جیت کر 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ انگلینڈ اس شکست کے بعد آٹھویں پوزیشن پر آگیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں