بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

بدترین صنفی امتیاز کو واضح کرتی سب سے زیادہ آمدنی والے مردوں کی فہرست جاری

اشتہار

حیرت انگیز

امریکی میگزین فوربز نے رواں سال سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والی اداکاراؤں کے بعد اداکاروں کی فہرست بھی جاری کردی جس نے ایک بار پھر خواتین اور مرد اداکاروں کے معاوضوں اور آمدنی میں وسیع ترین فرق کو واضح کردیا۔

فوربز کے مطابق رواں سال سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والے فنکار کا اعزاز مارک والبرگ کے نام رہا جنہوں نے اس برس اپنی فلموں ’ڈیڈیز ہوم 2‘ اور ’ٹرانسفارمرز: دا لاسٹ نائٹ‘ سے 6 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کی آمدنی حاصل کی۔

اس کے برعکس گزشتہ ہفتے جاری کی جانے والی فہرست کے مطابق سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والی اداکارہ ایما اسٹون کی آمدنی صرف 2 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہی۔

فوربز نے اپنی فہرست کے ساتھ ایک بار پھر معاوضوں میں بدترین صنفی تفریق کی طرف اشارہ کیا۔

مزید پڑھیں: ایما اسٹون سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والی اداکارہ

میگزین کا کہنا ہے کہ رواں برس سب سے زیادہ کمانے والے سرفہرست 10 مردوں کی کل آمدنی مجموعی طور پر 48.85 کروڑ ڈالرز بنتی ہے، جبکہ سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والی سرفہرست 10 خواتین کی کل رقم صرف 17.25 کروڑ ہے جو مردوں کی کل آمدنی سے 3 گنا کم ہے۔

دوسری جانب 46 سالہ ہالی ووڈ اداکار مارک والبرگ نے رواں سال کی اس کثیر آمدنی سے گزشتہ برس سب سے زیادہ کمانے والے اداکار ڈوائن دا راک جانسن کو دوسرے نمبر پر دھکیل دیا جنہوں نے رواں برس 6 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی آمدنی حاصل کی۔

فلم ’پائریٹس آف دی کیریبئن‘ کے اداکار جونی ڈیپ جو آمدنی کے حوالے سے گزشتہ کئی سال سے ٹاپ 5 میں شامل تھے، اس بار ٹاپ 20 میں بھی اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

رواں برس بالی ووڈ کے 3 اداکار شاہ رخ خان، سلمان خان اور اکشے کمار بھی بالترتیب 3 کروڑ 80 لاکھ، 3 کروڑ 70 لاکھ، اور 3 کروڑ 55 کے ساتھ آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں