ممبئی : بالی ووڈ چھوڑنے کے بعد زائرہ وسیم نے اپنی آخری فلم کی تشہیری مہم میں حصہ لینے سے بھی انکارکردیا ہے ، جواگست میں شروع ہوگی، زائرہ کی تیسری فلم ”دی اسکائی ازپنک“ اکتوبر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق مذہب کی خاطربالی ووڈ کو خیرباد کہنے والی اداکارہ زائرہ وسیم نے اپنی آخری فلم دی اسکائی از پنک“ سے متعلق فیصلہ کرتے ہوئئے فلم کی تشہیری مہم میں حصہ لینے سے انکارکردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق زائرہ نے فلم میکرز سے درخواست کی ہے کہ وہ انہیں فلم کی تشہیری سرگرمیوں سے باہررکھیں جو اگست کے آخر میں شروع ہورہی ہیں۔
زائرہ بالی ووڈ میں اب تک صرف دو فلموں ”دنگل“ اور ”سیکرٹ سپراسٹار“ میں نظر آئی ہیں اور ان کی تیسری فلم ”دی اسکائی ازپنک“ اکتوبر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جس میں وہ اداکارہ پریانکا چوپڑا اورفرحان اخترکی بیٹی کا کردار ادا کررہی ہیں۔
مزید پڑھیں : فلموں سے ایمان خطرے میں پڑ گیا، دنگل گرل زائرہ وسیم نے بالی ووڈ کو خیرباد کہہ دیا
دو روز قبل دنگل اسٹار 18 سالہ زائرہ وسیم نے بالی ووڈ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس فیلڈ میں کام کرنے کی وجہ سے ان کا ایمان خطرے میں پڑرہا ہے اور وہ بہت خاموشی سے اپنے مذہب سے دور ہوتی جارہی ہیں لہٰذا وہ بالی ووڈ چھوڑرہی ہیں۔
زائرہ کے اس فیصلے پر لوگوں کا ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے تاہم زائرہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔
خیال رہے زائرہ بالی ووڈ میں اب تک صرف دو فلموں ”دنگل“ اور ”سیکرٹ سپراسٹار“ میں نظر آئی ہیں۔