جمعرات, اگست 13, 2026
اشتہار

مؤرخ اور ماہرِ‌ ثقافت زبیدہ یزدانی کا تذکرہ

اشتہار

حیرت انگیز

زبیدہ یزدانی کا نام ایک تاریخ داں‌ اور ماہرِ ثقافت کی حیثیت سے مشہور تھا جن کی تصنیف کردہ کتب سے طلبہ اور اس مضمون میں دل چسپی رکھنے والے آج بھی استفادہ کرتے ہیں۔ تاریخ اور ثقافت کے میدان میں زبیدہ یزدانی کی تحقیق حیدرآباد دکن سے متعلق رہی ہے جو ہندوستان کی ایک مرفّہ الحال ریاست تھی۔ زبیدہ یزدانی کا علمی و تحقیقی کام عالمی سطح پر ان کی پہچان کا باعث بنا۔

تاریخ نویس زبیدہ یزدانی 11 جون 1996ء کو لندن میں وفات پاگئی تھیں۔ وہ لندن میں اپنے شوہر کے ساتھ قیام پذیر تھیں۔ زبیدہ یزدانی نے ہندوستان کی تاریخ اور ثقافت پر کئی کتب اور متعدد تحقیقی مضامین سپردِ قلم کیے اور ان کا کام دنیا بھر میں ان کی شناخت بنا۔ زبیدہ یزدانی کا خاص موضوع حیدرآباد دکن تھا جس پر ان کے کام کو سند اور معتبر حوالہ مانا جاتا ہے۔

27 اپریل 1916ء زبیدہ یزدانی نے ڈاکٹر غلام یزدانی کے گھر آنکھ کھولی جو ایک ماہرِ‌ آثارِ قدیمہ تھے اور تحقیقی کاموں کے لیے مشہور تھے۔ غلام یزدانی کی تصانیف ہندوستانی تاریخ اور ثقافت پر اہمیت کی حامل ہیں۔ وہ حیدرآباد دکن میں آثارِ قدیمہ کے ڈائریکٹر رہے اور قدیم دور کے اجنتا اور ایلورا کے غاروں‌ کی نگرانی کے ساتھ انھوں نے مختلف مذاہب کے تاریخی معبدوں کی ازسرِ نو تعمیر و مرمت کا کام بھی بخوبی کروایا۔ یوں زبیدہ یزدانی کو بچپن ہی سے تاریخ و آثار اور ہندوستانی ثقافت میں دل چسپی پیدا ہوتی چلی گئی اور انھوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے اس کی باقاعدہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد خود کو اسی شعبے میں اپنے کام کی بدولت منوایا۔ زبیدہ یزدانی اکسفورڈ میں داخلہ لینے والی اوّلین ایشیائی خواتین میں سے ایک تھیں۔

زبیدہ یزدانی کی پہلی کتاب "Hyderabad during the Residency of Henry Russell 1811 – 1820” تھی جب کہ دوسری اہم کتاب "The Seventh Nizam: The Fallen Empire” کے نام سے شایع ہوئی۔ انھیں‌ سماجی کاموں اور تعلیم کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کے سبب بھی یاد کیا جاتا ہے۔

زبیدہ یزدانی نے دکن میں علم و فنون کی آبیاری کے لیے مشہور درس گاہ جامعہ عثمانیہ کے وومن کالج میں بھی استاد کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور 1976ء میں ریٹائرمنٹ کے بعد برطانیہ چلی گئی تھیں۔ وہیں زبیدہ یزدانی نے اپنی زندگی کا سفر تمام کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں