تازہ ترین

نوڈ لز کا استعمال دل کی بیماریوں اور ذیابیطس کا باعث

واشنگٹن: سائنسدانوں نے ایک تازہ تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ فوری تیار ہو جانے والی نوڈلز کا استعمال دل کی بیماریوں اور ذیابیطس کا باعث بن رہا ہے اور اگر آپ ہفتہ میں دو سے تین دفعہ بھی نوڈلز کی ڈش کھاتے ہیں تو آپ کو اپنی صحت کے متعلق فکر مند ہو جانا چاہیئے۔

سائنسی جریدے جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہونے والی تحقیق میں اس کے رہنما مصنف ہیون جون شن نے نوڈلز کے بڑھتے ہوئے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، یہ تحقیق ٹیکساس کے بیلر ہارٹ ہسپتال کے تعاون سے کی گئی اور اس میں تازہ غذائوں کے مقابلے میں انسٹنٹ نوڈلز کے صحت پر اثرات کا خصوصاً مطالعہ کیا گیا۔

سائنسدانوں کی ٹیم نے مشرقی ممالک میں مشہور ریمن نوڈلز کے ہاضمے کے عمل کا خصوصی طبی کیمروں اور ٹیسٹوں کے ذریعے تجزیہ کیا تو معلوم ہوا کہ ان میں موجود کیمیکل ٹی بی ایچ کیو کی وجہ سے نوڈلز کے انہضام کا عمل تازہ خوراک کی طرح نہیں ہو پاتا اور صحت کے شدید مسائل کا سبب بنتا ہے۔

واضح رہے کہ کیمیکل ٹی بی ایچ کیو پٹرولیم انڈسٹری میں استعمال ہونے والے کیمیکل بیوٹین کے ساتھ اضافی پراڈکٹ کے طور پر پیدا ہوتا ہے، سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ انسٹنٹ نوڈلز کا استعمال اپنی اور بچوں کی زندگی کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے۔

Comments

- Advertisement -