اسلام آباد : رواں مالی سال 2014-15ءکے چوتھے ماہ ،اکتوبر 2014ء، میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 6.51 فیصد تک اضافہ ہوا ، تاہم ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی ۔ اکتوبر 2014-15ءکے دوران ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 1.54 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تا اکتوبر کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات سے 4.595 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال 2013-14ءمیں جولائی تا اکتوبر کے دوران ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات کا حجم 4.667 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق نیٹ ویئرز کی برآمدات میں 10.89 فیصد کا اضافہ ہوا ،جس کی برآمدات کا حجم گزشتہ سال کے 758.228 ملین ڈالر سے بڑھ کر 840.773 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔
اسی طرح تولیہ کی برآمدات میں 4.23 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، جس کی برآمدات سے اس عرصہ کے دوران 253.590 ملین ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ کے دوران 243.293 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات 611.59 ملین ڈالر سے بڑھ کر 661.191 ملین ڈالر پر پہنچ گئیں اور اس طرح ان کی برآمدات میں 8.11 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ سلک اور سینتھیٹک ٹیکسٹائل کی برآمدات کا حجم 92.89 ملین ڈالر سے بڑھ کر 123.931 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ، اس طرح اس کی برآمدات میں 33.42 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ۔