گوجرانوالہ میں سفاک شخص نے بیوی اور 13 سالہ بیٹی کو قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گوجرانوالہ میں سفاک شخص نے بیوی اور 13 سالہ بیٹی کی جان لے لی، ملزم کو اہل علاقہ نے پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ فرار ہوگیا۔
ملزم بلال کو اس کے بھائی رات کو کویت جانے کے لیے ایئرپورٹ چھوڑ کر آئے تھے لیکن ملزم کویت جانے کی بجائے گھر واپس آگیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ گھر میں پہلے سے ایک نامعلوم شخص موجود تھا جو واردات سے پہلے فرار ہوگیا جبکہ ملزم کا 9 سالہ بیٹا کمرے میں چھپ گیا جس کی وجہ سے اس کی جان بچ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتار کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل ایبٹ آباد میں شوہر نے گھریلو جھگڑے پر بیوی اور سالہ، سالیوں سمیت چار افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گولیاں لگنے سے ملزم کی بیوی کے ساتھ اس کی دو سالیاں اور ایک سالہ موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا تھا، جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔