ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی مسجد نبوی ﷺ اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دینے والے عاشقان رسول ﷺ روزہ داروں،نمازیوں،اور زائرین کی تعداد میں بھی غیر معمولی حد تک اضافہ ہوجاتا ہے.ہرطرف رمضان المبارک کی ایمانی رونقیں جلوہ گرہوتی ہیں،رمضان میں مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ کی مصروفیات بڑھ جاتی ہیں،جیسے جیسے زائرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے ویسے ہی انتظامیہ کی جانب سے حسنِ انتظام کا مظاہرہ دیکھنے کوملتا ہے.
رواں سال مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ کی جانب سے روزہ داروں،زائرین کی خدمت کے لیے پانچ ہزاررضاکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں.
ماہ صیام سے قبل ہی مسجد نبوی ﷺ کے مرکزی ہال مشرقی،مغربی اور شمالی سمتوں میں بنی گیلریوں میں سولہ ہزار فٹ نئے قالین بچھائے گئے ہیں.
روزہ داروں کی پانی کی ضرورت کے پیش نظر روزانہ تین سو ٹن آب زم زم فراہم کیا جاتا ہے.آب زم زم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے پندرہ بڑی مشینیں لگائی گئی ہیں،پانی پینے کے لیے تین سو پچیاسی مقامات پرنلکے لگائے گئے ہیں.
مسجد نبوی ﷺ کے صحن میں دھوپ سے بچاؤ کے لیے دوسو پچاس بڑی چھتریاں لگائی گئی ہیں،جب کہ چار سو چھتیس موبائل پنکھے فراہم کیےگئے ہیں،زائرین کی رہنمائی کی خاطر مختلف غیر ملکی زبانوں میں روزہ داروں،نمازیوں کی سہولت کے لیے مسجد کے اندر غیر ملکی زبانوں میں ہدایات پر مشتمل الیکٹرانک اسکرینیں نصب کی گئی ہیں.
رمضان المبارک میں قرآن پاک کے تراجم دینی اور اسلامی تاریخ کی کتب سے مسجد نبوی ﷺ کی الماریاں بھرجاتی ہیں.اس سال بھی مسجد کی انتظامیہ کی جانب سےزائرین کی آسانی کے لیے اردو زبان سمیت بارہ زبانوں میں قرآن مجید کے تراجم کااہتمام کیا گیا ہے،دیگرزبانوں میں انڈونیشین، ترکی چینی، فرانسیسی،ملیباری،صومالی،البانوی،بوسنیائی اور دیگر زبانوں میں بھی قرآن مجید کے تراجم موجود ہیں،جن سے زائرین بھرپور استفادہ کررہےہیں.
رمضان المبارک میں مسجد نبوی ﷺ میں آنے والے زائرین کی دینی رہنمائی کے لیے علما کرام کی بڑی تعداد میں ذمہ داریاں لگائی جاتی ہیں۔ مسجد میں اسلامی دروس کا سلسلہ رمضان کے آغاز سے ہی شروع ہوجاتا ہے اور یہ سلسلہ رمضان المبارک کےاختتام تک بلا تعطل جاری رہتا ہے.