اشتہار

اسکولوں کے باہر گاڑیوں کی آمد و رفت روکنے پر غور

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: انگلینڈ میں طبی و ماحولیاتی ماہرین نے اسکولوں کے باہر کاروں کی موجودگی پر پابندی عائد کرنے کی تجویز دے دی تاکہ اسکول کے قریب فضائی آلودگی میں کمی کی جاسکے۔

پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ اسکولوں کے قریب گاڑیاں کھڑی کرنے پر پابندی عائد کی جائے اور الیکٹرک کارز کے لیے ترجیحی بنیادوں پر پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے۔

اسکولوں کے باہر سے گاڑیوں کو ہٹانے کی تجویز اس لیے دی گئی ہے تاکہ بچے پیدل چلیں، سائیکل پر سفر کریں اور فضائی آلودگی کے خطرناک نقصانات سے کسی حد تک محفوظ رہیں۔

- Advertisement -

ادارے کے ڈائریکٹر ہیلتھ پروٹیکشن پروفیسر پال کوسفورڈ کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں ہر سال 35 سے 40 ہزار افراد فضائی آلودگی سے پیدا ہونے والی مختلف بیماریوں کے سبب ہلاک ہوجاتے ہیں۔

ان کے مطابق نہ صرف اسکول بلکہ اسپتالوں اور کیئر ہومز کے باہر بھی کاروں کی آمد و رفت کو کم سے کم کیا جائے۔

خیال رہے کہ اس وقت برطانیہ میں فضائی آلودگی کو صحت کے لیے بڑا خطرہ سمجھا جاتا ہے اور برطانیہ کے شہری اس سے امراض قلب، فالج، سانس کے امراض اور پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہورہے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ فضائی آلودگی سے ہر سال دنیا بھر میں 70 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہورہے ہیں۔

رپورٹ کےمطابق آلودگی پر قابو نہ پایا گیا تو سنہ 2030 سے 2050 کے درمیان فضائی آلودگی سے مرنے والوں کی سالانہ تعداد 70 لاکھ سے دگنی ہوجائے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں