کراچی: شہر قائد کے نوجوانوں نے پاک فوج اور پاکستان کے خلاف بیان دینے والے گلوکار عدنان سمیع کی باحفاظت وطن واپسی کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی شہرت چھوڑ کر بھارت میں سکونت اختیار کرنے والے عدنان سمیع کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے، سوشل میڈیا صارفین نے انہیں میجر قرار دیا تو اب اُن کی باحفاظت واپسی کے لیے مظاہرہ بھی کردیا گیا۔
کراچی پریس کلب کے باہر جمع ہونے والے مظاہرین نے عدنان سمیع کی واپسی کا مطالبہ کیا اور مزاحیہ نعرے لگائے۔
گلوکار کی واپسی کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر مظاہرے کا اعلان کیا تھا، ایونٹ میں شرکت کے لیے 22 ہزار سے زائد صارفین نے شرکت کی دلچسپی ظاہر کی تھی۔
پریس کلب کے باہر مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کا کہنا تھا کہ عدنان سمیع نے پاکستان اور پاک فوج کے خلاف بیان دیا، یہ مظاہرہ دراصل اُس کا ہی ردعمل ہے، ہم حمایت نہیں بلکہ مخالفت کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ پلوامہ حملے اور پاکستان کے خلاف جارحیت کے بعد عدنان سمیع نے ملک مخالف بیان دیا تھا جس پر اُن کے خلاف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر #MajorAdnanSami ہیش ٹیگ چلایا گیا تھا جس میں صارفین نے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ وہ بھارت میں پاکستان کا جاسوس ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے یہ مزاق انتقاماً کیا کیونکہ انہیں عدنان سمیع کے بیان پرتکلیف پہنچی تھی۔