ممبئی: بالی ووڈ کو خیرباد کہنے والی اداکارہ زائرہ وسیم کے خلاف جاری رہنے والا پروپینگڈا ایک بار پھر ناکام ہوگیا کیونکہ انہوں نے بگ باس 13 میں بھاری معاوضہ ملنے کے باوجود شرکت سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں مذہبی عقائد اور سوچ کو فوقیت دیتے ہوئے دنگل گرل اور سیکریٹ سپر اسٹار نے انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا البتہ اُن کے خلاف دیگر اداکاروں اور انتہاء پسندوں نے نیا محاذ کھول لیا۔
زائرہ وسیم کے فیصلے پر کنگنا رناوت، روینہ ٹنڈن، تپسی پنو سمیت دیگر اداکارؤں نے اعتراض اٹھائے تھے اور کہا تھا کہ انڈسٹری میں کسی کے ساتھ بھی کوئی ناانصافی نہیں کی جاتی اور نہ ہی مذہب یا عقیدے کو دیکھ کر اداکار کو کام دیا جاتا ہے۔
بعد ازاں یہ بھی افواہیں پھیلائی گئیں کہ زائرہ وسیم کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا اور انہوں نے انڈسٹری کو خیرباد نہیں کہا البتہ دنگل گرل نے اس کی بھی تردید کی اور بتایا کہ فلموں سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ اُن کا حتمی ہے۔
مزید پڑھیں: بالی ووڈ چھوڑنے کے بعد زائرہ وسیم کا ایک اور اہم فیصلہ
اس کے بعد یہ بھی افواہ پھیلی کہ زائرہ نے بھارتی ٹی وی شو بگ باس میں شرکت کے لیے انڈسٹری کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور وہ اس میں شرکت کا بھاری معاوضہ لیں گی۔
دو روز بعد زائرہ وسیم کے مینیجر نے اس بات کی بھی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ اداکارہ کو بگ باس کی پیش کش ضرور ہوئی مگر انہوں نے پروگرام کا حصہ بننے سے صاف انکار کردیا کیونکہ اب وہ کسی بھی طرح انڈسٹری کا حصہ نہیں رہنا چاہتیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ بگ باس کی انتظامیہ نے سلمان خان کے توسط سے بھی درخواست کروائی البتہ زائرہ کا کسی قسم کا کوئی ارادہ نہیں اور انہوں نے دبنگ خان کو بھی صاف انکار کردیا۔
یاد رہے کہ سلمان خان بگ باس 13 کی میزبانی کے 13 کروڑ روپے ہر ہفتے کی فیس لیں گے، یہ پروگرام 26 اقساط پر مشتمل ہوگا جس میں سلمان خان کی آمدن 403 کروڑ روپے تک پہنچ جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: فلموں سے ایمان خطرے میں پڑ گیا، دنگل گرل زائرہ وسیم نے بالی ووڈ کو خیرباد کہہ دیا
گزشتہ سیزن میں سلمان نے میزبانی کے عوض 12 سے 15 کروڑ روپے جبکہ سیزن 10 میں وہ 6 کروڑ روپے فیس لے چکے ہیں۔