اتوار, مئی 26, 2024
اشتہار

دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی

اشتہار

حیرت انگیز

مظفرآباد: مظلوم کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل اور بدترین مظالم کے خلاف دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، کشمیری شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے ریلیاں نکالی جائیں گی اور تقریبات منعقد کیے جائیں گے، اس سلسلے میں آزاد کشمیر میں بھی ریلیاں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

یوم یک جہتی کشمیر پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، اجلاس سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان خصوصی خطاب کریں گے، کوہالہ پل پر سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔

- Advertisement -

حکومت سندھ کی جانب سے کراچی میں یوم یک جہتی کشمیر ریلی اور جلسے کا انعقاد کیا جائے گا، کشمیر روڈ سے مزار قائد تک وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی قیادت میں ریلی نکالی جائے گی، پیپلز پارٹی کی جانب سے کشمیر کالونی میں جلسہ عام ہوگا، جس سے فریال تالپور اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

راولپنڈی ہولاڑپل پر کشمیریوں سے یک جہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، اراکین اسمبلی، اے سی کہوٹہ، سماجی کارکنان اور اسکول کے بچوں سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ کوئٹہ، چمن شہر میں بھی یوم یک جہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، شہر کی اہم شاہراہوں اور اہم عمارتوں پر کشمیر کے پرچم لہرا دیے گئے ہیں، ضلع بھر میں مختلف ریلیوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن مسلسل 185 روز سے جاری ہے، مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس بدستور معطل ہے، ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں میں ڈالا جا چکا ہے، خواتین پر بھی تشدد کیا جا رہا ہے اور ان کے خلاف جنسی حملوں کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں