اشتہار

عوام لانگ مارچ کی تیاری کریں: فواد چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ پاکستان کے آئین، قانون اور اداروں پر حملہ ہے، عوام لانگ مارچ کی تیاری کریں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن سے کبھی بھلے کی امید نہیں تھی، الیکشن کمیشن کا نشانہ صرف عمران خان ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کیا یہ پاکستان کے 22 کروڑ لوگوں کو نااہل کردیں گے، یہ پاکستان کے آئین، قانون اور اداروں پر حملہ ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ابھی ایک ہفتہ قبل عمران خان دو تہائی اکثریت سے جیت کر آرہا ہے، یہ پاکستان کے 22 کروڑ لوگوں کو جوتا مارا گیا ہے، پاکستانی عوام سے کہتا ہوں حق کے لیے باہر نکلیں، جس طریقے سے فیصلہ کیا گیا پورا پاکستان مسترد کرتا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان ایوانوں کو الٹا کر ہی پاکستان کا آئین بچایا جا سکتا ہے، ابھی تو گھیراؤ کی طرف گئے نہیں تو اسلام آباد کو قلعہ بنا دیا گیا، پورے پاکستان کے کنٹینرز اسلام آباد میں آگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈھائی کروڑ روپے کے تحائف کے لیے کہا گیا کہ آپ نے ظاہر نہیں کیے، ہمارے وکیل نے ہر چیز ڈکلیئرڈ کی ہے، عوام لانگ مارچ کی تیاری کریں۔ الیکشن کمیشن نے جو فیصلہ کیا غلط کیا، ہر سطح پر چیلنج کریں گے۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نااہل قرار دے دیا ہے۔

الیکشن کمیشن بینچ نے فیصلہ دیا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہوئے، عمران خان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قرار دی جاتی ہے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں