کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ طوفان سے زیادہ خطرہ ٹھٹھہ اور بدین کو ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت سمندری طوفان آنے کا قوی خطرہ ہے، طوفان سے متاثرہ علاقوں میں 8سے9ہزار فیملی رہائش پذیر ہیں جنہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ ہم نے 3اضلاع کے کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں، طوفان کے پیش نظر ہم تمام تر اقدامات کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کور کمانڈر کراچی اور جی او سی حیدرآباد سے بھی رابطے میں ہیں، ہوسکتا ہے کل ٹھٹھہ، بدین جاکر گراؤنڈ پر کام کا جائزہ لوں۔ بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی ہدایت ہے کہ عوام کی خدمت کرتے رہیں۔
واضح رہے کہ سمندری طوفان بائپر جوائے جو تیزی سے پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے اس کے نتیجے میں کراچی میں موسلا دھار بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
طوفان اس وقت کراچی سے 770 کلومیٹر دور ہے تاہم تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس حوالے سے این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ یہ سمندری طوفان 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے جو آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔