اسلام آباد پولیس نے جماعت اسلامی کے مظاہرین کو زیرو پوائنٹ تک محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جماعت اسلامی مظاہرین کے ڈی چوک کی طرف بڑھنے پر کریک ڈاؤن کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، ضلع بھر کی تمام نفری کو زیرو پوائنٹ پر طلب کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پولیس افسران کے اجلاس میں دھرنے کو روکنے سے متعلق فیصلے کیے گئے ہیں، اے آر یو، سی ٹی ڈی، اے ٹی ایس اسکواڈ کو زیرو پوائنٹ پر جمع ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آنسو گیس کے شیل اور واٹر کینن بھی زیرو پوائنٹ بھجوانے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں جبکہ پولیس ہیڈ کوارٹرز میں موجود فورس کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطا تارڑ نے جماعت اسلامی کو مذاکرات کی پیشکش کی تھی۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی قیادت آئے تین رکنی کمیٹی آپ کی بات سنے گی، کمیٹی میں شامل ہوں، جماعت اسلامی کی قیادت کا انتظار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کو لیاقت باغ میں دھرنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن ان کی اسلام آباد کی جانب پیش قدمی سمجھ میں نہیں آتی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈی چوک والے رواج کو ختم ہونا چاہیے، لیاقت باغ میں جماعت اسلامی کو سیکیورٹی فراہم کریں گے۔
واضح رہے کہ مہنگائی، ٹیکسز اور بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں دھرنا دیا جبکہ پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار کرلیا۔