منگل, نومبر 12, 2024
اشتہار

خفیہ کیمروں سے کرایہ دار خاتون کی نازیبا ویڈیوز بنانے والا مالک مکان کا بیٹا گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں مالک مکان کے بیٹے کو بلب میں چھپے خفیہ کیمروں کے ذریعے کرایہ دار خاتون کی نازیبا ویڈیوز بنانے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون سول سروسز کے امتحانات کی تیاری کر رہی ہیں اور وہ کرائے کے مکان میں اکیلی رہتی ہیں۔ ملزم کرن مالک مکان کا بیٹا ہے جو عمارت کی دوسری منزل پر رہائش پذیر ہے۔ خاتون جب اتر پردیش اپنے گھر جاتی ہیں تو گھر کی چابی کرن کے پاس چھوڑ جاتی ہیں۔

پولیس کے مطابق خاتون نے اپنی شکایت میں بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ پر کچھ غیر معمولی سرگرمی دیکھیں، واٹس ایپ اکاؤنٹ سے منسلک آلات کی جانچ پڑتال پر انہیں فہرست میں ایک نامعلوم لیپ ٹاپ ملا جسے انہوں نے فوراً لاگ آؤٹ کر دیا۔

- Advertisement -

واقعے کے بعد وہ محتاط رہیں اور انہیں شبہ ہوا کہ کوئی ان کی جاسوسی کر رہا ہے۔ خاتون نے شک کی بنیاد پر جب گھر کی تلاشی لی تو انہیں اپنے باتھ روم کے بلب ہولڈر میں نصب ایک کیمرہ ملا جس پر انہون نے فوراً پولیس کو آگاہ کیا۔ شکایت پر ایک سب انسپکٹر خاتون کے گھر پہنچا اور دوبارہ تلاشی لی تو بیڈروم کے بلب ہولڈر میں ایک اور کیمرہ ملا۔

خاتون نے پولیس کو بتایا کہ جب وہ اتر پردیش جاتی ہیں تو گھر کی چابی مالک مکان کے بیٹے کرن کو دے جاتی ہیں۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ تین ماہ قبل جب خاتون اپنے آبائی شہر گئی تھی تو گھر کی چابی کرن کے پاس چھوڑ گئی تھی۔ ملزم نے موقع کا فائدہ اٹھا کر ایک کیمرہ بیڈروم اور دوسرا باتھ روم میں خفیہ طور پر نصب کیا۔

یہ کیمرے آن لائن نہیں چلتے بلکہ فوٹیج کو میموری کارڈز میں محفوظ کرتے ہیں۔ ملزم نے بار بار خاتون سے گھر میں بجلی کا کام کرنے کے بہانے چابی مانگی تاکہ وہ ریکارڈ شدہ ویڈیوز کو اپنے لیپ ٹاپ میں منتقل کر سکے۔

تحقیقات کے دوران کرن کے پاس سے جاسوس کیمرے، ریکارڈ شدہ ویڈیوز اور دو لیپ ٹاپ ضبط کیے گئے۔ ملزم جسمانی طور پر معذور ہے جسے کم از کم ایک سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں