اسلام آباد : ایرانی وزیرخارجہ سیدعباس عراقچی پاکستان پہنچ گئے، دورے کے دوران وہ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈارسے ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ سیدعباس عراقچی اسلام آبا دپہنچ گئے، ہوائی اڈے پر افغانستان اور مغربی ایشیا کیلئے ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ احمد نسیم وڑائچ نےاستقبال کیا۔
دورے کے دوران سیدعباس عراقچی وزیراعظم شہبازشریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے، جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اورپاکستان ایران تعلقات پر مشاورت کی جائے گی۔
یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، توانائی اور سلامتی سمیت وسیع شعبوں میں تعاون اور بات چیت کو آگے بڑھانے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔
سید عباس عراقچی کا اپنا منصب سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔
خیال رہے یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب ایران کی اسرائیل کے ساتھ کشیدگی عروج پر ہے۔