گھوٹکی : اینٹی وائلنٹ اینڈ کرائم سیل نے کچے کے ڈاکوؤں کا بڑا نیٹ ورک بریک کردیا اور پانچ سال سے کچے کے ڈاکووں کا کھاتہ سنبھالنے والے سنار کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں اے وی سی سینے تکنیکی بنیادوں پر گھوٹکی میں آپریشن کرتے ہوئے کچے کے ڈاکوؤں کے دیسی بینک منیجر کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی اے وی سی سی انیل حیدر نے بتایا کہ زیرحراست ملزم سجاد گھوٹکی اوباڑو میں سنار کا کام کرتا ہے، گھوٹکی پولیس کی مدد سے کارروائی کی گئی۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ زیرحراست سنار ڈاکوؤں کے ساتھ 5 سال سے کام کررہا تھا، ڈاکو اغوا برائے تاوان کی رقم ایسے ہی لوگوں کے پاس رکھواتے ہیں، ڈاکوؤں کے پیسوں کا ساراحساب کتاب سنار دیکھتےہیں۔
انیل حیدر کا کہنا تھا کہ کچے کے ڈاکوؤں کا سپورٹ نیٹ ورک توڑ دیا ہے ، کچے کے ڈاکو سنار وں کے پاس کبھی سونا کبھی کیش رکھواتے ہیں، ڈکیت گروہ سناروں سے خود رابطے میں رہتے ہیں اور فیملیز کوبھجواتےہیں۔
انھوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کا اپنا شناختی کارڈ بلاک ہوتا ہے، اسی لیے سہولت کاروں کا استعمال کرتے ہیں، عام شخص جیسے بینک اکاؤنٹ کھولتا ہے ڈاکو ایسے سناروں کے پاس کھاتہ کھلواتے ہیں، فصل، بیج، اناج یا دیگر کی خریداری کے لیے ڈاکوؤں کو پیسے سنار دیتے ہیں۔