اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج نہیں لگنا چاہیے۔
اے آر وائی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جتنی مرضی آگ برسائیں، وفاقی حکومت کو برا بھلا کہہ لیں لیکن کے پی میں گورنر راج نہیں لگنا چاہیے.
ان کا کہنا تھا کہ گورنر راج لگانا پی ٹی آئی کے ساتھ نیکی ہوگی، امن وامان مزید خراب ہوگا، کابینہ میٹنگ میں پی ٹی آئی سے متعلق تمام ممبران کی اپنی رائے تھی۔
رہنما نون لیگ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال حکومت گورنر راج یا پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ کرنے جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شرپسند اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کو جلد سے جلد سزا ملے گی تو آئندہ کوئی ایسی جرات نہیں کرے گا۔
راناثناء اللہ نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی اس کی سیاست ختم نہیں کرسکتی، میرا اندازہ ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کا کوئی فیصلہ نہیں ہونے جارہا، وزیراعظم ہی فیصلے کا اختیار رکھتے ہیں، آخر میں ان کا ہی فیصلہ حتمی ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سیاسی شہیدوں میں نام لکھواناچاہتی ہے، جس طرح یہ سب کو چھوڑ کر بھاگے آئندہ یہ ہی آئیں گے عوام نہیں ہوگی۔