ممبئی: بالی ووڈ اداکار عامر خان نے جنسی ہراسانی کے الزامات کی زد میں آنے والی شخصیات سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔
’کافی ود کرن‘ شو میں مسٹر پرفیکٹ نے جنسی ہراسانی کے الزامات پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ ’جو لوگ بھی اس گھناؤنے کام میں ملوث ہیں ہمیں معاشرتی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اُن سے کنارہ کرنا چاہیے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کے معاملات صرف فلم انڈسٹری تک محدود نہیں بلکہ اس کی وجہ سے عام خواتین بھی متاثر ہورہی ہیں، اس عمل کی وجہ سے خواتین بہت زیادہ رنجیدہ ہوجاتی ہیں‘۔
مزید پڑھیں: جنسی ہراساں کرنے کا الزام، سوشانت سنگھ نے اداکارہ کے میسجز شیئر کردیے
کرن جوہر نے مسٹر پرفیکٹ سے بالی ووڈ میں شروع ہونے والی ’می ٹو مہم‘ کے حوالے سے سوال کیا، اس پر عامر خان کا کہنا تھا کہ ’میں اور اہلیہ نے فیصلہ کیا کہ الزامات کی زد میں آنے والے لوگوں کے ساتھ مستقبل میں کوئی کام نہیں کریں گے اور اُن کا اُس وقت تک سوشل بائیکاٹ کریں گے جب تک الزام کا فیصلہ نہیں ہوجاتا‘۔
عامر خان نے بالی ووڈ کی دیگر شخصیات اور مداحوں سے اپیل کی کہ وہ بھی جنسی ہراسانی کے الزامات کی زد میں آنے والے افراد سے کنارہ کشی کرلیں، اسی طرح اگر کوئی خاتون کسی مرد پر غلط الزام لگائیں اُس کا بھی بائیکاٹ کریں کیونکہ محض ایک بات کی وجہ سے کسی کا مستقبل تباہ ہوسکتا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: مودی کے وزیرِمملکت جنسی ہراسانی کے الزامات کے باعث مستعفی
مسٹر پرفیکٹ نے بالی ووڈ میں جنسی ہراسانی کے واقعات پر اٹھنے والی آوازوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ انڈسٹری سے ایسے لوگوں کا صفایا ہورہا ہے جو خواتین کے بارے میں غلط سوچ رکھتے ہیں، خواتین کی طرف سے سامنے لائے جانے والے نام پریشان کُن ضرور ہیں مگر یہ آواز قابلِ ستائش ہے‘۔