اتوار, ستمبر 8, 2024
اشتہار

اعلان کرتا ہوں صوبے میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

اشتہار

حیرت انگیز

بنوں: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے، ہمارے نام پر ڈالر لے کر وسائل کھائے گئے اس پر تحفظات ہیں۔

امن مارچ سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ غلط پالیسیاں بنانے والے لوگ امریکا کے غلام ہیں، ان غلاموں نے ایسی پالیسیاں بنائیں جن کی وجہ سے قربانیاں دینی پڑیں، تاریخ گواہ ہے امریکی غلاموں نے پالیسی پر عمل کر کے ہم پر آپریشن کیا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عقلمند انسان وہ ہوتا ہے جو کسی اور کے تجربے سے سیکھتا ہے ہم بیوقوف ہیں نہ پاگل ہم نے آپریشن کے تجربے میں دیکھا کوئی فائدہ نہیں ہوا، اس لیے بطور وزیر اعلیٰ اعلان کرتا ہوں صوبے میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ قربانی دینا ہمارے خون اور تاریخ میں ہے، ہم اس ملک کیلیے قربانیاں دیں گے لیکن اپنے فیصلے خود کریں گے، ہم نے اپنا گھر بار چھوڑا اور خانہ بدوش ہوئے، ہم رزق کمانے دوسرے صوبوں میں گئے، دوسروں صوبوں میں جو رویہ رکھا گیا اس پر بھی تحفظات ہیں، ہمارا حق کھایا گیا ہمیں اس پر بھی تحفظات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے ہمیں قربانی دینا سکھایا ہے، ہم اس ملک اور مٹی کیلیے قربانیاں دیں گے، اپنے فیصلے ہم خود کریں گے کوئی اور نہیں کرے گا، بنوں کے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں صورتحال کو بگڑنے سے بچایا، ہمارے اندر اور باہر ایسے عناصر موجود ہیں جو ہر بات کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ایک کمیٹی بنائی گئی جیسا آپ نے کہا ویسا ہوا، آپ کے 16 نکات میں تھا کہ مدارس یا گھر ہوں صرف انتظامیہ اور پولیس جائے گی تو ایسا ہی ہوگا، مدارس کے بچے ہمارے دلوں کے قریب ہیں کیونکہ وہ دین کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، مدارس کے بچوں کیلیے ہم نے بجٹ میں بھی پیسہ رکھا ہے، بچے جو تعلیم حاصل کر رہے ہیں وہ ہمارے دین کی تعلیم ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پہلے دن کہا تھا اپنی اصلاح کر لو جو نہیں کرے گا سزا کیلیے تیار رہے، اعلان کرتا ہوں کوئی کسی ادارے کا نام لے کر مسلح شخص کے پی میں نظر نہ آئے، پولیس کو دوبارہ احکامات جاری کرتا ہوں میں آپ کے ساتھ ہوں، یہ بھی اعلان کرتا ہوں کے پی عوام میری عوام ہے یہ میری ٹیم ہے، کرپشن کے خلاف کھڑے ہوں منشیات فروش کو نہ چھوڑو۔

انہوں نے کہا کہ کسی شخصیت، پالیسی یا رویے سے اختلاف ہو سکتا ہے لیکن شہدا اور پولیس کے خاندانوں کے خلاف کچھ برداشت نہیں کر سکتے، شہدا کا ساتھ دیں گے اس دھرتی پر یہ لوگ ہمارے لیے قربانیاں دیتے رہیں گے، شہدا کیلیے غلط بات کی گئی تو میرے دل میں درد ہوتا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں