معروف بھارتی اداکار انیل کپور کا کہنا ہے کہ وہ اسٹار پاور سے زیادہ اچھی اداکاری کو اہمیت دیتے ہیں۔
حال ہی میں معروف بھارتی ہدایت کار کرن جوہر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بالی ووڈ میں تینوں خانز کا دور ختم ہورہا ہے اور اس کے ساتھ ہی اسٹار ڈم کا کرشمہ بھی دم توڑ رہا ہے۔
کرن جوہر کا کہنا تھا کہ ایک بار وہ ایک پارٹی میں تھے، وہاں شاہ رخ خان آئے تو کمرے میں ہلچل مچ گئی اور سب لوگ انہیں دیکھنے لگے، نئی نسل کے اداکاروں میں یہ بات نہیں۔
ان کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انیل کپور کا کہنا تھا کہ چاہے کوئی شخص اپنے شعبے میں بہترین ہو، لیکن بہترین سے بہتر بھی کوئی آتا ہے۔
انیل کپور کا کہنا تھا کہ دنیا ایسے ہی چلتی ہے، پہلے ایلوس پریسلے کو بھی بہترین سمجھا جاتا ہے لیکن پھر مائیکل جیکسن بھی آیا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹار ڈم سے زیادہ اچھی اداکاری اہمیت رکھتی ہے اور وہی کسی اداکار کو عظیم بناتی ہے۔