ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

جو لوگ امن برباد کرنا چاہتے ہیں وہ ہم میں سے نہیں، آرمی چیف کا دوٹوک پیغام

اشتہار

حیرت انگیز

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خیبر پختونخوا میں گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج اور سیکیورٹی کے تمام ادارے اور پاکستان کےعوام ایک ہیں، جو لوگ امن کو برباد کرنا چاہتے ہیں وہ ہم میں سے نہیں ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور میں تاریخی گرینڈ جرگے میں چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر نے خصوصی طور پر شرکت کی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ فوج اور سیکیورٹی کے تمام ادارے اور پاکستان کےعوام ایک ہیں، جو لوگ امن کو برباد کرنا چاہتے ہیں وہ ہم میں سے نہیں ہیں۔

آرمی چیف نے خیبر پختونخوا کے مشران، عمائدین، نمائندوں کے گرینڈ جرگے سے خطاب میں کہا کہ پاکستانی فوج شہدا کی فوج ہے جس کا نعرہ ہے ایمان، تقویٰ، جہاد فی سبیل اللہ، ہم آپ میں سے ہیں اور آپ ہم میں سے ہیں۔

- Advertisement -

سیدعاصم منیر نے کہا کہ پاکستان، ریاست مدینہ کے بعد کلمے پر بننے والی دوسری ریاست ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کا کچھ نہیں کر سکتی۔

انھوں نے کہا کہ مذاکرات ہوئے تو وہ صرف پاکستان، عبوری حکومت کے درمیان ہوں گے، کسی بھی گروہ یا جتھے سے بات نہیں کی جائے گی، اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے، جنھوں نے اس دین کو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھایا ان کوجواب دینا پڑے گا۔

افغان حکومت کومخاطب کرتے ہوئے عاصم منیر نے کہا کہ کیا احسان کا بدلہ احسان کے علاوہ کچھ اوربھی ہو سکتا ہے؟ افغان مہاجرین کو پاکستان میں پاکستان کے قوانین کے مطابق رہنا ہو گا، آئین میں حاکمیت صرف اللہ کی ذات کی ہے، خوارج کون سی شریعت لانا چاہتے ہیں؟

پاک افواج کے سربراہ نے کہا کہ ہماری بہادر فوج دہشت گردی کے خلاف خون کے آخری قطرے تک لڑے گی، دہشت گردوں کے پاس ریاست کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم اللہ کے راستے میں جہاد کر رہے ہیں اور کامیابی ہماری ہی ہو گی، پاک فوج کا مقصد اور نصب العین شہید یا غازی ہونا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ کے پی پولیس ایک شاندار فورس ہے اور اس کی بے پناہ قربانیاں ہیں، قبائل کے انضمام کے مسائل کے حل کے لیے سیکریٹریٹ قائم کیا جائے گا، معاشی ترقی میں قبائلی عوام کی شرکت کو یقینی بنائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں 81 ارب روپے کے منصوبے شروع کیے جائیں گے، ضم اضلاع میں پولیس کے 43 منصوبوں کو 7 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، 54 زیرتعمیر منصوبوں کی جلد تکمیل میں مدد فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر قبائلی مشران کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام فوج کے ساتھ تھی اور ساتھ رہے گی، قبائلی مشران نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی سمیت امن کے لیے خصوصی دعا کی۔[

Comments

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں