ممبئی: بالی ووڈ کے نامور اداکار سلمان خان کی نئی آنے والی فلم ’بھارت‘ کا ٹریلر ریلیز ہوگیا جس میں وہ مختلف کردار ادا کرتے نظر آرہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق علی عباس ظفر کی ہدایت کاری میں بنائی جانے والی فلم میں سلمان خان، کترینہ کیف مرکزی جبکہ تبو، ڈیشا پٹنی، سنیل گرور اور جیکی شرف بھی کردار ادا کررہے ہیں۔
فلم کی ٹیگ لائن ’ایک شخص کی زندگی اور قوم کا اتحاد‘ رکھی گئی۔
فلم کا ٹریلر بھارت کے یوم جمہوریہ سے ایک روز پہلے ریلیز کیا گیا۔ سلمان خان اس ٹریلر میں نیوی افسر، کان کن، سرکس میں بائیک چلانے والے شخص کا کردار ادا کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ’واہگہ بارڈر‘ پر پاکستانی جھنڈا کیوں لہرایا؟ سلمان خان کا پرچہ کٹ گیا
ایک منٹ کے ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلمان خان نے اپنے ساتھ کوئی اور سر نیم نہیں بلکہ بھارت جوڑا، ویڈیو میں سلمان خان کے علاوہ کسی اور کردار کو نہیں دکھایا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت فلم 2014 میں ساؤتھ کوریا میں بننے والی فلم ’اوڈی ٹو مائی فادر‘ کی کاپی ہے۔ یاد رہے کہ فلم بھارت رواں سال عید الفطر پر پوری دنیا میں ریلیز کی جائے گی۔
یہ بھی یاد رہے کہ چند روز قبل بھارت کے سیٹ پر سلمان خان اور کترینہ نے کرکٹ کھیلا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ مداحوں نے دونوں اداکاروں کے نئے روپ کو دیکھ کر انہیں سراہا تھا۔
دبنگ خان اور کترینہ کیف کو فلم ’بھارت‘ کا ایک سین واہگہ بارڈر کے مقام پر عکس بند کروانا تھا مگر سیکیورٹی صورتحال کی وجہ سے حکومت نے کاسٹ کو شوٹنگ کی اجازت نہیں دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان اور کترینہ کی سیکیورٹی فوج نے سنبھال لی
فلم ڈائریکٹر نے سین کو عکس بند کرنے کے لیے بھارتی پنجاب کے ایک گاؤں میں ’واہگہ بارڈر‘ کا سیٹ تیار کیا مگر وہاں کی مقامی پنجائیت نے اس پر اعتراض اٹھایا۔ علی عباس ظفر نے مقامی کسانوں اور تاجروں کے نقصانات کا ازالہ کیا اور شوٹنگ کے لیے جگہ فراہم کرنے کے پیسے بھی ادا کیے مگر وہ سیٹ پر پاکستانی پرچم لگانے پر کسی صورت رضا مند نہیں تھے۔
شوٹنگ مکمل کے بعد سلمان خان اور فلم ڈائریکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا تھا جس میں پنجائیت نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اُن کے علاقے میں علی عباس ظفر اور کاسٹ نے پاکستانی پرچم لہرایا۔