ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

’بھارت ہمارے کرکٹ فینز سے ڈرتا ہے اس لیے ویزے جاری نہیں کر رہا‘

اشتہار

حیرت انگیز

پی پی چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت ہمارے کرکٹ فینز سے ڈرتا ہے اس لیے ویزے جاری نہیں کر رہا ہے۔

کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا بھارت میں آغاز ہو چکا ہے اور پاکستان اپنا پہلا میچ بھی کھیل چکا ہے تاہم بھارتی حکومت نے ایک بار پھر کھیل میں سیاست کو شامل کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ روایتی مخاصمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی شائقین کرکٹ کو تاحال ویزے جاری نہیں کیے ہیں۔

دنیا بھر سے شائقین کرکٹ اپنی اپنی پسندیدہ ٹیموں کی سپورٹ کے لیے بھارت میں موجود ہیں لیکن سرحد پار پاکستانیوں سمیت دنیا بھر میں موجود شائقین کرکٹ بھارت کی سرزمین پر جا کر گرین شرٹس کو سپورٹ کرنے کے لیے بے چین ہیں جن کی راہ میں صرف بھارتی حکومت نے ویزے جاری نہ کرکے رکاوٹ پیدا کی ہوئی ہے۔

- Advertisement -

بھارت کے اس ہٹ دھرم رویے پر جہاں کرکٹنگ حلقے سخت نالاں ہیں اور پی سی بی آئی سی سی سے بھارت کی شکایت کر چکا ہے۔ اب سابق وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی اس مسئلے پر لب کشائی کر دی ہے۔

بلاول بھٹو نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں اس حوالے سے بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ بھارت ہمارے کرکٹ فینز سے ڈرتا ہے، اسی لیے انہیں ورلڈ کپ کے لیے ویزے جاری نہیں کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں کمیٹی نے پاکستان ٹیم کو بھارت بھیجنےکا فیصلہ اس لیے کیا تھا کہ پاکستان کسی مقابلے سے ڈرتا نہیں لیکن بھارت کو اس کی تکلیف ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان کرکٹ ٹیم پر بھروسہ ہے کہ وہ میگا ایونٹ سے کامیاب ہو کر واپس آئے گی۔

یاد رہے کہ بھارت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھی ویزا اجرا کر نے میں غیر معمولی تاخیر کا مظاہرہ کیا تھا اور تمام ٹیموں کے بعد سب سے آخر میں گرین شرٹس اسکواڈ اور انتظامیہ کو ویزے جاری کیے گئے تھے۔

دوسری جانب پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو بھارتی حکومت کی جانب سے ویزے جاری نہ کرنے کے معابلے پر وہاں کا سب سے معتبر اخبار ’دی ہندو‘ بھی بول پڑا اور اس نے اپنے فرنٹ پیج پر خبر چھاپی کہ ویزے نہ ملنے سے پاکستانی شائقین اور صحافیوں میں تشویش بڑھ رہی ہے۔

رپورت میں کہا گیا ہے کہ بریڈ فورڈ انگلینڈ میں موجود پاکستانی جوڑا بھی ویزے کا منتظر ہے جو گزشتہ 12 سال سے پاکستان ٹیم کو سپورٹ کرنے دنیا بھرمیں ورلڈ کپ میچ دیکھنے جاتا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں