کراچی: پاکستانی موسیقی کے ایک بڑے پروگرام ’کوک اسٹوڈیو‘ نے سانحہ تیز گام ایکسپریس پر لواحقین سے اظہار یکجہتی کے طور پر سیزن 12 کی آج جاری ہونے والی تیسری قسط کی ریلیز روک دی۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ تیزگام ایکسپریس میں آتشزدگی سے 74 افراد کے جاں بحق ہونے کے دلخراش واقعے پر جہاں عالمی رہنماؤں نے اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے وہیں فنکار برادری کے ساتھ ساتھ موسیقی سے جڑے ادارے بھی غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں۔
اکتوبر میں ریلیز ہونے والے کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کی دو اقساط کے بعد یکم نومبر کو پروگرام کے تحت تیسری قسط کا اجرا آج ہونا تھا تاہم دلخراش واقعے کی وجہ سے اس کی ریلیز روک دی گئی ہے۔
اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کوک اسٹوڈیو نے تعزیبی پیغام میں لکھا کہ سانحہ تیز گام کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے طور پر آج ہونے والی سیزن 12 کی تیسری قسط جاری نہیں کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ سانحہ کے متاثرہ خاندانوں اور ہر ایک زخمی کے ساتھ ہماری دعائیں ہیں۔
In solidarity with the families affected by the Tezgam train tragedy, Coke Studio Season 12 Episode 3 will not be releasing today. pic.twitter.com/ABvvHmF1Zn
— Coke Studio (@cokestudio) November 1, 2019
اس سے قبل ترک صدر رجب طیب اردوان اور برطانوی شاہی جوڑے نے تیز گام ایکسپریس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعیزت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعاد کا پیغام بھیجا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ترک صدرطیب اردوان کا تیزگام سانحے پر اظہارِ افسوس
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گیس سلینڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 74 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔
تیزگام ایکسپریس کو حادثہ صبح چھ بجکر پندرہ منٹ پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں چنی گوٹھ کے نزدیک چک نمبر 6 کے تانوری اسٹیشن پر پیش آیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے حادثے پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا تھا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔