کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جون کے مہینے میں کانگو بخار سے 3 افراد کی اموات کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کے حکام نے کراچی میں کانگو بخار سے ایک ماہ میں 3 افراد کی اموات کی تصدیق کردی۔ تینوں مریضوں کا انتقال گلشن اقبال کے نجی اسپتال میں ہوا۔
قربانی کے جانور کراچی آجانے کے بعد کانگو کے وبائی صورت اختیار کرنے کا خدشہ ہے جس کے تحت بلدیہ کراچی کے سینئر میڈیکل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے الرٹ جاری کردیا۔
یہ وائرس مویشیوں کی کھال سے چپکی چیچڑوں میں پایا جاتا ہے۔ چیچڑی کے کاٹنے سے وائرس انسان میں منتقل ہوجاتا ہے، قومی ادارہ صحت کے مطابق نیرو نامی وائرس انسانی خون، تھوک اور فضلے میں پایا جاتا ہے جو انسانوں میں گانگو بخار پھیلاتا ہے۔
کانگو بخار کی علامات میں تیز بخار، کمر، پٹھوں اور گردن میں درد، قے، متلی، گلے کی سوزش اور جسم پر سرخ دھبے شامل ہیں۔