منگل, ستمبر 17, 2024
اشتہار

ساتھ جینے اور مرنے کا عہد پورا، جوڑے کی ایک ہی دن موت

اشتہار

حیرت انگیز

شادی ایک محبت بھرا رشتہ ہے جس میں جیون ساتھی ساتھ جینے اور مرنے کے وعدے بھی کرتے ہیں جس کو ایک جوڑے نے پورا بھی کر دکھایا۔

شادی ایک ایسا بندھن ہے جو زندگی بھر کے لیے جوڑا جاتا ہے۔ محبت اور ایثار وقربانی کے جذبوں سے لبریز جیون ساتھی اس سفر میں نہ صرف زندگی بھر ساتھ نبھانے کا عہد کرتے ہیں بلکہ اپنی بے مثال محبت کا اظہار کرتے ہوئے ساتھ جینے اور مرنے کے عہد وپیماں بھی کرتے ہیں۔

اسی عہد وپیمان پر پورا اترا برطانیہ کا ایک بزرگ جوڑا جو 68 سال قبل شادی کے بندھن میں بندھا تھا اور جب موت سے انہیں جدا کرنا چاہا تو یہ جدائی ان سے گوارا نہ ہوئی اور وہ چند گھنٹوں کے وقفوں سے ایک ہی دن یہ دنیا چھوڑ گئے۔

- Advertisement -

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے ایک کیئر ہوم میں 89 سالہ این بیومونٹ اپنے شوہر 91 سالہ فرینک کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔ این کا غیر متوقع طور پر اچانک اتنقال ہو گیا جس کے بعد چند گھنٹوں بعد ہی ان کے شوہر فرینک بھی دنیا سے چل بسے۔

اس پریمی جوڑے نے زندگی کے 68 برس ایک ساتھ گزارے۔ فرینک ڈیمینشیا کے مرض کا شکار تھے اور برطانوی جوڑے نے اپنی زندگی کے آخری ایام یارکشائر کے قریب واقع کیئر ہوم میں گزارے جہاں وہ ایک دوسرے سے بے انتہا محبت کرنے والے جوڑے کے طور پر مشہور تھے۔

فرینک بیومونٹ ایک ریٹائرڈ کیمیکل کمپنی منیجر تھے، انہیں گزشتہ سال جولائی میں میلتھم، ویسٹ یارکشائر کے ‘گرینکریس کیئر ہوم’ میں داخل کرایا گیا تھا کیونکہ ان کی اہلیہ زائد العمری کے سبب گھر پر ان کی دیکھ بھال نہیں کر پا رہی تھیں۔

بعد ازاں جب این بیومونٹ کو خود اپنی دیکھ بھال کی ضرورت پڑی تو اپریل میں انہیں بھی اسی کیئر ہوم میں منتقل کردیا گیا۔

اُنکے بیٹے نے بتایا کہ وہ دونوں میاں بیوی ہر کام ساتھ ساتھ کرتے تھے، والدہ کہیں اور نہیں جانا چاہتی تھیں، وہ دونوں ہر دن ساتھ گزارتے تھے۔

بیٹے نے مزید بتایا کہ اگرچہ میرے والد ڈیمنشیا کے مرض میں سنگین حد تک مبتلا تھے لیکن انہیں یہ بات اچھی طرح یاد تھی کہ انکی اہلیہ کون ہیں؟ وفات سے قبل میری والدہ دوپہر کے وقت اُن کے ساتھ دیر تک بیٹھی رہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں ڈاکٹرز نے بتا دیا تھا کہ والد اب کچھ دیر کے مہمان ہیں لیکن والدہ یہ صدمہ نہ سہہ سکیں اور اچانک انتقال کر گئیں اور جب والد کو یہ اطلاع دی گئی تو وہ بھی چل بسے۔

’’کچرے کی ملکہ‘‘ کہلوانے والی خاتون پر چلا تاریخ کا سب سے بڑا مقدمہ

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں