ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

سمندری طوفان، افسران وملازمین کی چھٹیاں منسوخ

اشتہار

حیرت انگیز

سمندری طوفان بائپر جوائے کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے سندھ حکومت نے طوفان کے پیش نظر ضلع افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سمندری طوفان بائپر جوائے کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ کراچی سے 630 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے اور اس کے 15 جون کو کیٹی بندر اور بھارتی گجرات سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ طوفان کے پیش نظر سندھ حکومت نے ضلع افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔

سندھ حکومت نے کراچی سمیت ساحلی اضلاع میں کنٹرول روم قائم کرنے، زیر تعمیر عمارتوں پر لگے مٹیریل اور بل بورڈز ہٹانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں جب کہ محکمہ صحت اور کے ایم سی اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

- Advertisement -

اس کے علاوہ 40 خطرناک عمارتوں سے رہائشیوں کی نقل مکانی اور محفوظ مقامات پر منتقلی کے احکامات جاری کرتے ہوئے سندھ حکومت نے متعلقہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ریلیف کیمپس قائم کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

صوبائی حکومت نے ڈی ایچ اے، کنٹونمنٹ اور کے ایم سی نالوں کی چوکنگ پوائنٹ ختم کرنے، واٹر بورڈ کو ڈی واٹرنگ پمپ لگانے کے احکامات جاری کیے ہیں اس کے ساتھ ہی ضلع انتظامیہ، رینجرز اور کوسٹ گارڈ کو دفعہ 144 پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

شیشے والی عمارتوں کے مالکان سے بات کر کے حفاظتی انتظامات کرنے، بابا بھٹ، مبارک ولیج اور ابراہیم حیدری کے مکینوں کو ریلیف کیمپ منتقل کرنے، کے الیکٹرک کے سی ای او کو بجلی کھمبوں سے جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔

سندھ حکومت نے ڈی آئی جی ٹریفک کو سمندری طوفان کے دوران ٹریفک کا جامع پلان تیار کرنے اور ڈی ایچ اے حکام کو مرمتی کاموں کے آگے سیفٹی بیریئرز لگانے کی ہدایات کی ہیں۔

دوسری جانب طوفان کے خطرے کے پیش نظر پیشگی حفاظتی انتظامات کرتے ہوئے کلفٹن سے سی ویو جانیوالی سڑک کو بند کر دیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں