منگل, مئی 14, 2024
اشتہار

یومِ وفات: سب کو ہنسانے والا ننّھا عشق میں‌ ناکامی پر زندگی سے روٹھ گیا تھا

اشتہار

حیرت انگیز

2 جون 1986ء کو مشہور مزاحیہ اداکار ننّھا نے زندگی سے اپنا دامن چھڑا لیا تھا۔ انھوں نے خودکشی کی تھی۔

ننّھا کا اصل نام رفیع خاور تھا۔ وہ 1942ء میں ساہیوال میں پیدا ہوئے تھے۔ پاکستان میں ٹیلی وژن نشریات کا آغاز ہوا تو ننّھا کو معروف رائٹر اور اداکار کمال احمد رضوی کے پہلے ڈرامہ سیریل آئو نوکری کریں میں‌ اداکاری کرنے کا موقع ملا اور یوں ان کی فنی زندگی کا آغاز ہوا۔

بعد کے برسوں میں وہ اور کمال احمد رضوی ڈرامہ سیریز الف نون کی بدولت پاکستان بھر میں مشہور ہوگئے۔ یہ مزاحیہ ڈرامے تھے جن میں‌ ننّھا کی شخصیت اور ان کی بھولی بھالی صورت کے مطابق ان کا کردار بھی ایک نہایت سادہ اور ایسے انسان کا تھا جو مکروفریب اور دھوکا دہی سے دور رہنا چاہتا تھا۔ اس سیریز کا مقصد سماج میں منافقت، دہرے اور متضاد رویّوں کی نشان دہی کرتے ہوئے طنز و مزاح کے ساتھ اصلاح کرنا تھا۔

- Advertisement -

الف نون میں ننّھا کا کام دیکھ کر شباب کیرانوی نے انھیں اپنی فلم وطن کا سپاہی میں مزاحیہ اداکار کا کردار دے دیا۔ یہ فلم ننّھا کی مقبولیت اور بڑے پردے پر ان کی پذیرائی کا سبب بنی اور اگلی دو دہائیوں تک وہ فلم نگری میں بطور مزاحیہ اداکار مصروف رہے۔

رفیع خاور نے 391 فلموں میں اداکاری کی جن میں اردو، پنجابی اور تین فلمیں پشتو زبان میں‌ تھیں۔

اپنی بے ساختہ اداکاری اور مخصوص انداز میں مکالموں کی ادائیگی سے سب کو ہنسانے والا یہ اداکار محبت کے آگے زندگی ہارنے پر مجبور ہوگیا۔ ننّھا فلم کی ایک اداکارہ نازلی کی زلف کے اسیر ہوگئے تھے اور عشق میں ناکامی پر خود کو گولی مار کر زندگی ختم کرلی۔

ننّھا کو علامہ اقبال ٹائون، لاہور کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں