ممبئی: بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ دپیکا ککڑ نے اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر ہندو مذہب کو چھوڑ کر اسلام قبول کرلیا انہوں نے اپنا نام تبدیل کر کے فائزہ رکھا۔
تفصیلات کے مطابق ڈرامہ سیریل ’سسرال سیمار‘ میں اداکاری کرنے والی دپیکا نے اپنی مذہب تبدیل ہونے کے حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے مسلمان ہونے کی تصدیق کردی، اُن کا کہنا ہے کہ اسلام قبول کر کے میں بہت خوش اور ممطئن ہوں۔
اداکارہ نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’شادی کے بعد سے میری زندگی بہت تبدیل ہوئی اور مجھے ذہنی سکون کے ساتھ خوشیاں بھی ملیں، چونکہ میری ازدواجی زندگی کو طویل عرصے چلنا ہے اسی باعث اسلامی تعلیمات کو پڑھ کر انہیں سمجھا اور پھر اسلام قبول کرلیا جو میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے‘۔
دپیکا کا کہنا تھا کہ انہوں نے مسلمان ہونے کے بعد اپنا نام تبدیل کر کے فائزہ رکھ لیا ہے، اسلام قبول کرنے کے معاملے پر میں زیادہ بات نہیں کرنا چاہتی کیونکہ یہ میرا نجی معاملہ ہے اور کسی کو اس پر بولنے کا کوئی حق نہیں، اس لیے میڈیا کے سامنے اسلام قبول کرنے کی تصدیق کررہی ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ مداح اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ میڈیا انڈسٹری میں کام کرنے والے فنکار اپنی خوشیاں اور غم اُن کے ساتھ ہی بانٹتے ہیں اس لیے انہیں صرف اچھا کام کرنے والا اداکار ہی پسند آتا ہے، میں اسلام قبول کرنے پر فخر محسوس کررہی ہوں اور اس بات کی خوشی ہے کہ اب درست سمت کا تعین کیا۔
واضح رہے کہ اداکارہ نے ساتھی فنکار شعیب گزشتہ کئی برس سے ایک ساتھ کام کررہے تھے بعد ازاں دونوں نے 22 فروری کو شادی کا اعلان کیا، بھارتی میڈیا میں اُس وقت بھونچال آیا جب شادی کی تقریب اسلامی طور طریقوں کے مطابق انجام پائی۔