اسلام آباد : حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں20فیصد اضافے کی اجازت دے دی۔ ڈریپ نے جان بچانے والی دواؤں کی قیمتوں میں چودہ سے بیس فیصد اضافے کا حکم نامہ جاری کردیا گیا۔
قیمتوں میں اضافے کی منظوری وفاقی کابینہ کی کمیٹی نے چودہ اپریل کو دے دی تھی، ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اضافے کا سبب بنیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں 14 فیصد اضافہ کیا جاسکتا ہے جب کہ دیگر تمام ادویات کی قیمتوں میں 20 فیصد اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ڈریپ کا پالیسی بورڈ قیمتوں کے تعین کا تین مہینے کے بعد دوبارہ جائزہ لے گا۔ اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں کمی کی صورت میں ادویات کی قیمتوں میں کمی بھی کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ قیمتوں میں اضافے کی منظوری وفاقی کابینہ کی اکنامک ایڈوائزری کمیٹی نے دی تھی۔