13 C
Dublin
ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

اسرائیل کی دو ریاستی حل کی مخالفت، فرانس نے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کی ’دھمکی‘ دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

پیرس: فرانسیسی صدر نے اسرائیل کی جانب سے دو ریاسی حل کی کوششوں کی اسرائیلی مخالفت پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

روئٹرز کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے جمعے کے روز کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا اب فرانس کے لیے ممنوع نہیں رہا، انھوں نے کہا اگر دو ریاستی حل کی کوششیں اسرائیلی مخالفت کی وجہ سے رک جائیں تو پیرس فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔

روئٹرز کے مطابق اگر فرانس حقیقی مذاکرات کے بغیر فلسطینی ریاست کو اس طرح یک طرفہ طور پر تسلیم کرتا ہے تو اس سے زمینی صورت حال میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئے گی، تاہم علامتی اور سفارتی اعتبار سے اس کا وزن ہوگا۔

- Advertisement -

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے فلسطینی خودمختاری کے خلاف اپنا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ وہ اردن کے مغرب میں مکمل اسرائیلی سیکیورٹی کنٹرول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ، جس کا مطلب ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام کا کوئی امکان نہیں ہے۔

واضح رہے کہ فرانسیسی قانون سازوں نے 2014 میں اپنی حکومت سے ووٹ دے کر مطالبہ کیا تھا کہ وہ فلسطین کو تسلیم کرے، تاہم فرانس کے لیے یہ ایک علامتی اقدام ہے جس کا فرانس کے سفارتی مؤقف پر بہت کم اثر پڑے گا۔

النصر اسپتال میں آکسیجن سپلائی منقطع، متعدد مریض جان سے گئے

پیر کو پیرس میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے ساتھ ملاقات میں امانوئل میکرون نے کہا کہ ’’خطے میں ہمارے شراکت دار، بالخصوص اردن اس پر کام کر رہا ہے اور ہم ان کے ساتھ اس پر کام کر رہے ہیں۔ ہم یورپ اور سلامتی کونسل میں اس میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ فرانس کے لیے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا ممنوع نہیں ہے۔‘‘

فرانس کے صدر نے رفح شہر پر حملہ کرنے پر اسرائیل کو ایک بار پھر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’رفح میں اسرائیلی جارحیت صرف غیر معمولی انسانی تباہی کو جنم دے سکتی ہے اور یہ اس تنازع میں ایک اہم موڑ ثابت ہو گی۔ مجھے بھی اردن اور مصر کی طرح آبادی کے بڑے پیمانے پر جبری بے گھر ہونے کے خدشات ہیں، یہ بین الاقوامی قانون کی ایک نئی سنگین خلاف ورزی ہوگی اور خطے کی کشیدگی میں اضافے کا ایک بڑا خطرہ پیدا کرے گا۔‘

فرانسیسی صدر نے بدھ کے روز نیتن یاہو سے کہا تھا کہ غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد ناقابل برداشت ہے اور وہاں اسرائیل کی کارروائیاں بند ہونی چاہییں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں