اتوار, مئی 26, 2024
اشتہار

’مسلم لیگ (ن) اس وقت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فرخ حبیب نے ن لیگی رہنما اور مریم نواز کے شوہر صفدر اعوان کے بیان کو مسلم لیگ ن میں ٹوٹ پھوٹ سے تعبیر کیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور مریم نواز کے شوہر صفدر اعوان کی پارٹی پر تنقیدی بیان کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے اے آر وائی نیوز پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن صفدر گھر کے بھیدی ہیں لنکا تو ڈھائیں گے۔ مسلم لیگ ن اس وقت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے کیونکہ ن لیگ کی سینیئر قیادت مریم نواز کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ ہمیشہ کہتی کچھ ہے اور کرتی کچھ ہے۔ ان کا بیانیہ کرپشن اور چوری معاف کرانے کے گرد گھومتا ہے۔

- Advertisement -

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ان لوگوں نے ہمیشہ کرپشن اور شریف خاندان کو عزت دی ہے۔ ان کے تمام کیسز بند ہوگئے اور ملک کا بیڑہ غرق ہوگیا۔

واضح رہے کہ ن لیگی رہنما صفدر اعوان نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن پر کڑی تنقید کی تھی۔ انہوں نے سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کو ایکسٹینشن دینا نواز شریف کی سب سے بڑی غلطی قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ جس دن قمر جاوید باجوہ کو ایکسٹینشن دی گئی ہمارا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ اسی روز دفن ہو گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ورغلایا گیا ان سےجھوٹ بولا گیا اور ورغلانے والے وہی لوگ تھے جو وزیر بننے کے لیے ان کے گھٹنے پکڑتے تھے۔

صفدر اعوان نے یہ بھی کہا کہ مستقبل میں انہیں مریم نواز وزیراعظم بنتی دکھائی نہیں دے رہیں۔ شاہد خاقان عباسی بڑے بھائی اور عظیم انسان ہیں۔ حمزہ سے ناراض نہیں کہتا ہوں کہ وہ واپس آجائیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین کے حوالے سے ماضی میں اپنے دیے گئے بیانات پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ عمران خان سے متعلق میں بیان پر رنجیدہ ہوں، مجھے ایسا نہیں کہنا چاہیے تھا۔ ہر ایک کی زندگی میں کمی بیشی ہوتی ہے، مجھےعمران خان پر ذاتی حملہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔ سیاسی مقابلہ سیاست سے ہونا چاہیے، یہاں تو ہر طرف گند ہے۔

صفدر اعوان نے یہ بھی کہا کہ ارکان اسمبلی کو وفاداریاں تبدیل نہیں کرنی چاہئیں۔ یہ کیا کہ جیتو تم عمران خان کے ٹکٹ پر اور پھر اقتدار نظر آئے تو ادھر آجاؤ۔ جس کے ساتھ کھڑے ہو پھر پانی گرم ہو یا ٹھنڈا اس کے ساتھ ہی کھڑا رہنا چاہیے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں