ممبئی : معروف پاکستانی اداکار اور چاکلیٹی ہیرو فواد خان کو بھارتی فلم دھڑکن 2 کی کاسٹ سے باہر کردیا گیا ہے ان کی جگہ معروف ماڈل روہیت کو کاسٹ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق متعصب بھارتی حکومت کی نقش قدم پر چلتی بھارتی فلم انڈسٹری کی تنگ نظری نے فن اور فنکار کو بھی نہیں بخشا جس کی تازہ مثال دھڑکن 2 کی کاسٹ میں سے پاکستانی اداکار اور چاکلیٹی ہیرو فواد خان کو باہر کردینا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل یہ اطلاعات آئی تھیں کہ فلم دھڑکن کے سیکوئیل کے لیے دھڑکن 2 میں فواد خان کو سنیل شیٹھی کے کردار میں کاسٹ کیا گیا ہےجب کہ شردہا کپور کو شپلپا شیٹھی کی جگہ ہیروئن کا کردار نبھانا تھا۔
اس حوالے سے یہ خبر بھی گرم ہے کہ فواد خان کی جگہ اب نئے ابھرتے ماڈل اور اداکار روہیت کھنڈیلوال کو کاسٹ کرلیا گیا ہے جو اس سے قبل مسٹر انڈیا کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں اور آج کل کئی اشتہارات بھی کر رہے ہیں۔
یاد رہے اس سے قبل لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کے بعد سے بھارت میں پاکستانی اداکار فواد خان اور مائرہ خان کو بیدخل کردیا گیا تھا جب کہ بھارتی فلم رئیس سے بھی مائرہ خان کے سین کاٹ دیئے گئے تھے۔