اسلام آباد : عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا زیادہ مشکل اور رسکی ہوگا، رواں سال پاکستان کو27ارب ڈالرکی بیرونی فنانسنگ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے پاکستان سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکومت کیلئےآئی ایم ایف پروگرام ناگزیر ہے، آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا زیادہ مشکل اور رسکی ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کے بارے میں فیصلہ رواں سال کے اختتام تک متوقع ہے، آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار نظر آتا ہے جبکہ امریکا کی جانب سے بھی پروگرام کی حوصلہ افزائی متوقع ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکا کے لئے معاشی طور پر مستحکم پاکستان ضروری ہے، آئی ایم ایف سی پیک اور چین سے تعلقات پراعتراض نہیں کریگا لیکن آئی ایم ایف پروگرام گزشتہ پروگرامز سے زیادہ سخت ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال پاکستان کو 27 ارب ڈالر کی بیرونی فنانسنگ درکارہوگی ، آئندہ مالی سال بڑھ کر31 ارب ڈالر تک ہو جانے کا خدشہ ہے اور شرح سود میں مزید1 سے ڈیڑھ فیصد تک کا اضافہ متوقع ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے روپے کی قدرمیں مزید کمی کی گنجائش موجود ہے، خسارے میں چلنے والے اداروں کی تنظیم نوضروری ہے۔