منگل, نومبر 5, 2024
اشتہار

امریکی، پاکستانی و بھارتی صدور کو کتنی تنخواہ ملتی ہے؟

اشتہار

حیرت انگیز

امریکا میں صدر کے چناؤ کے لیے انتخابی دنگل سج گیا ہے ہم یہاں آپ کو امریکا، پاکستان اور بھارت کے صدور کی تنخواہوں کو موازنہ پیش کریں گے۔

امریکا میں 47 ویں صدر کے لیے آج پولنگ ہو رہی ہے۔ اگلے چار سال کے لیے وائٹ ہاؤس میں کاملا ہیرس براجمان ہوں یا ڈونلڈ ٹرمپ۔ انہیں کیا فوائد ملیں گے آج آپ اس سے بھی آگاہ ہوں گے۔

امریکی صدر کی تنخواہ:

 

- Advertisement -

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر کی موجودہ سالانہ تنخواہ 4 لاکھ ڈالرز (لگ بھگ ساڑھے 12 کروڑ پاکستانی روپے) ہے۔ یہ تنخواہ امریکی کانگریس نے 2001 میں مقرر کی تھی اور 23 سال سے اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔

2001 سے قبل تین دہائیوں تک امریکی صدر کی سالانہ تنخواہ 2 لاکھ ڈالرز مقرر تھی۔

رپورٹ کے مطابق سالانہ تنخواہ کے علاوہ امریکی صدر کو ملنے والی اضافی مرعات میں 50 ہزار ڈالرز اخراجات کی مد میں، 19 ہزار ڈالرز تفریح کے لیے اور ایک لاکھ ڈالرز سفر کے لیے ملتے ہیں، سفر کے لیے ملنے والی رقم پر ٹیکس عائد نہیں ہوتا۔

یہاں قارئین یہ اہم بات بھی جان لیں کہ عہدہ چھوڑتے وقت اگر امریکی صدر نے ان مرعات میں کچھ خرچ نہ کیا ہو، یا ملنے والی مراعات میں سے کچھ رقم باقی رہ گئی ہو، تو وہ امریکی صدر کی ملکیت نہیں ہوتی بلکہ اس رقم کو ملکی خزانے میں جمع کرانا پڑتا ہے۔

عہدہ چھوڑنے کے بعد امریکی صدر وفاقی پے رول پر رہتا ہے اور سابق صدور کے ایکٹ کے مطابق کابینہ سیکریٹری کے مساوی پنشن وصول کرتا ہے جو سالانہ 2 لاکھ 30 ہزار ڈالر بنتی ہے۔

پاکستانی صدر کی تنخواہ:

 

صدرِ پاکستان کی تنخواہ پریذیڈنٹ سیلری، الاؤنسز اینڈ پریویلجز ایکٹ 1975 کے تحت دی جاتی ہے جس میں 2018 میں ایک ترمیم کی گئی تھی۔

اس ترمیم کے مطابق اب صدر کی تنخواہ میں اضافہ کابینہ کے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے ایکٹ کے شیڈول فور میں کیا جاتا ہے اور یہ کہ صدر کی تنخواہ، چیف جسٹس آف پاکستان کی تنخواہ سے علامتی طور پر ایک روپیہ زیادہ ہوتی ہے۔

صدرِ پاکستان کی موجودہ ماہانہ تنخواہ 8 لاکھ 46 ہزار 550 روپے (سالانہ ایک کروڑ سے کچھ زیادہ) ہے۔

واضح رہے کہ موجودہ صدر مملکت آصف علی زرداری جو دوسری بار پاکستان کے صدر بنے ہیں انہوں نے منصب سنبھالتے ہی تنخواہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

بھارتی صدر کی تنخواہ:

 

بھارتی صدر کی ماہانہ تنخواہ بشمول اضافی مراعات 5 لاکھ بھارتی روپے ہے جو پاکستان کی موجودہ کرنسی مالیت کے مطابق 16 لاکھ 25 ہزار پاکستانی روپے کے مساوی ہے اور یہ بھارت میں تمام سرکاری عہدوں میں بشمول وزیراعظم سب سے زیادہ تنخواہ ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں