پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

’پذیرائی سے کوئی تبدیلی نہیں آئےگی، گھریلو لڑکی ہوں‘

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی: بالی ووڈ انڈسٹری کی فلم ’سمبا‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ اور سیف علی خان کی صاحبزادی سارہ علی خان نے کہا ہے کہ میں گھریلو لڑکی ہوں، فلمیں کامیاب ہونے کی وجہ سے طرز زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

بھارتی میڈیا ’ہندوستان ٹائمز‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے سارہ کا کہنا تھا کہ ’حقیقت یہ ہے میں مشہوری اور پذیرائی کے بارے میں نہیں سوچتی اور نہ ہی مجھے اس کی کوئی پرواہ ہے‘۔

سارہ علی خان کا کہنا تھا کہ ’سمبا کی کامیابی کے بعد لوگ مجھے عجیب طریقے سے پیش آرہے ہیں، وہ مجھے مہمان خصوصی سمجھتے ہیں مگر میں ایسی نہیں ایک عام سی لڑکی ہوں جسے پذیرائی کی بالکل بھی خواہش نہیں‘۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’وقت بہت تیزی کے ساتھ گزر رہا ہے، مجھے ایک کے بعد دوسری فلم کی آفر ہوئی اور اب میرے پاس کام کے علاوہ کچھ بھی سوچنے کا وقت نہیں بچا‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’مجھے پذیرائی نہیں حوصلہ افزائی چاہیے کیونکہ جب میں واپس گھر جاتی ہوں تو والدین کی نظر میں ایک عام سی لڑکی (بیٹی) ہوتی ہوں، وہ میرے ساتھ دیگر بچوں کی طرح کا برتاؤ کرتے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: سمبا 100 کروڑ کلب کی ریس میں شامل

انڈسٹری میں اقرربا پروری کے حوالے سے سارہ کا کہنا تھا کہ ’سیف علی خان کی بیٹی ہونے کی وجہ سے مجھے ہدایت کاروں نے براہ راست فلم کی پیش کش کی، میں کسی سے بھی آسانی سے ملاقات کرسکتی ہوں جبکہ کئی باصلاحیت ایسی لڑکیاں موجود ہیں جنہیں موقع نہیں ملتا، اس سلسلے کو ختم ہونا چاہیے‘۔

یاد رہے کہ 27 دسمبر کو بالی ووڈ کی فلم ’سمبا‘ ریلیز ہوئی جس میں سارہ علی خان اور رنویر سنگھ مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، ایکشن اور رومانس سے بھرپور فلم نے باکس آفس پر کئی ریکارڈ اپنے نام کیے۔

سمبا کا پہلا اعزاز یہ ہے کہ رواں سال یہ فلم 100 کروڑ کمانے میں کامیاب ہوئی اور ایک ہفتے میں صرف بھارت سے 150 کروڑ جبکہ دنیا بھر سے 200 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔

بالی ووڈ ناقد ترن آدرش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر فلم کی کمائی کے اعداد و شمار جاری کیے اور بتایا کہ سمبا نے یومیہ اوسطاً 15 کروڑ روپے کمائے جبکہ امریکا، آسٹریلیا اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک سے 50 کروڑ روپے سے زائد رقم بٹوری۔

یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان مٹھائی بانٹنے مندر پہنچ گئیں

فلم کا ایک اور اعزاز یہ ہے کہ اس نے صرف 7 دنوں میں باکس آفس پر 200 کروڑ کا بزنس کیا۔

یہ بھی یاد رہے کہ 7 دسمبر کو سارہ علی خان کی فلم کیدر ناتھ ریلیز ہوئی تھی جس نے باکس آفس پر 100 کروڑ سے زائد کا کاروبار کیا تھا، سمبا کی کامیابی کے بعد اداکارہ کو انڈسٹری کا سپر اسٹار سمجھا جارہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف علی خان کی صاحبزادی کو ’باغی تھری‘ میں ٹائیگر شروف اور ’اے بی سی ڈی تھری‘ میں ورون دھون کے ساتھ کاسٹ کیا جائے گا جبکہ یہ بھی اطلاع ہے کہ ہندی میڈیم کے سیکوئل میں بھی سارہ علی خان مرکزی کردار عرفان خان کی بیٹی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں