بدھ, ستمبر 18, 2024
اشتہار

’ایران چار ایٹم بم بنا سکتا ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

ایران کے جوہری پروگرام سے امریکا اور یورپ پہلے ہی خائف ہے اور اب یورپی یونین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تہران چار ایٹم بم بنا سکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں یورپی یونین نے ایرانی جوہری پروگرام کی توسیع پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تہران چار ایٹم بم بنا سکتا ہے۔

تین یورپی ممالک فرانس، جرمنی اور برطانیہ نے ایک مشترکہ بیان میں ایرانی جوہری پروگرام کی سرگرمیوں میں مسلسل توسیع پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ تہران جوہری معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں سے نمایاں طور پر ہٹ گیا ہے۔

- Advertisement -

یورپی یونین نے نشاندہی کی کہ ایران کی طرف سے ہزاروں جدید سینٹری فیوجز کی تنصیب اور بڑی مقدار میں انتہائی افزودہ یورینیم کا ذخیرے نے کئی خدشات کو جنم دیا ہے۔

یورپی ٹرائیکا نے واضح کیا کہ ایران کی یورینیم کی افزودگی کی سطح جوہری معاہدے کے وعدوں سے بہت زیادہ ہے۔ یہاں تک کہ اگر ایران نے جوہری ہتھیار کے حصول کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا تو اس کے پاس "چار ایٹمی بم بنانے کے لیے درکار مواد موجود ہوگا”۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایران آئی اے ای اے کے ساتھ فوری اور مکمل تعاون کرے اور جوہری عدم پھیلاؤ کے میدان میں اپنی ذمہ داریوں کی طرف بلا تاخیر واپس آئے۔

واضح رہے کہ 29 اگست کو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی ایک خفیہ رپورٹ میں تہران پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ یورینیم کی افزودگی جاری رکھے ہوئے ہے جو کہ جوہری ہتھیار بنانے کے لیےدرکار سطح کے قریب ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں