ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 میں آج کراچی کنگز کے خلاف میچ کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ اظہر محمود نے حکمت عملی بنا لی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 میں آج نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ میں جوڑ پڑے گا۔ اس حوالے سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز مضبوط ٹیم ہے۔ میچ کے لیے حکمت عملی بنا لی ہے۔
اظہر محمود نے نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایک بار پھر پی ایس ایل کا چیمپئن بنانے کے عزم کا اظہار کردیا اور کہا کہ خواہش ہے کہ میری کوچنگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ ایک بار پھر پی ایس ایل کی ٹرافی اٹھائے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ پی ایس ایل کے ابتدائی دونوں میچز دلچسپ ثابت ہوئے ہیں، دنیا دیکھ رہی ہے کہ ٹورنامنٹ سخت مقابلوں والی لیگ بن کر ابھر رہا ہے۔
اظہر محمود نے کہا کہ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اور سینیئر کھلاڑی شعیب ملک نے گزشتہ میچ میں پشاور زلمی کے خلاف شاندار بیٹنگ کی ہے اور یہی کوالٹی کرکٹ ہے۔
آج کے میچ کے حوالے سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کراچی کے خلاف میچ سے قبل پُرفارمنس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ شعیب ملک کی جارحانہ کرکٹ پر گہری نظر ہے۔ ہمیں فیلڈنگ میں مہارت کی ضرورت ہے۔ اس مقابلے میں ہمیں کولن منرو، پال اسٹرلنگ سمیت دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں سے بھی بہتر توقعات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شاہین شاہ آفریدی انجری مسائل کا شکار؟ کیا پی ایس ایل کا اگلا میچ کھیلیں گے؟
اظہر محمود نے قومی ٹیم کی کوچنگ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اپنی دستیابی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مکی آرتھر ایک مرتبہ پھر پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ بن رہے ہیں، دیکھنا یہ ہے وہ ٹیم منجمنٹ میں کس کو منتخب کرتے ہیں، بطور پاکستانی ہمیشہ ٹیم کیلئے دستیاب ہوں۔